جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں منظور وسان کا اعتراف

قیدیوں کو ناشتے میں انڈا اور شام کو چائے کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی


Staff Reporter November 20, 2012
منظور وسان نے کہا کہ سندھ بھر کی جیلوں میں 11 ہزار 900 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 13 ہزار 800 سے زائد قیدی موجود ہیں۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر جیل خانہ جات اور معدنیات منظور وسان نے کہا ہے کہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں ۔

جیلوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کردی ہے ، قیدیوں کو خوراک اور دیگر سہولتیں جیل مینوئل کے مطابق بنائیں گے،2005تک پیرول پر70افراد کو رہا کیا گیا ، یہ بات انھوں اپنی رہائش گاہ پر جیل افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،منظور وسان نے کہا کہ 2005 تک جیلوں سے پیرول پر 70 افراد کو رہا کیا گیا جن میں سے 48 کے مقدمات زیر سماعت تھے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کی جیلوں میں 11 ہزار 900 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 13 ہزار 800 سے زائد قیدی موجود ہیں جن میں سے 117 ہائی پروفائل قیدی ہیں ، جیلوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے،صوبائی وزیر نے بتایا کہ جیل میں خوراک کے سلسلے میں فی قیدی 138 روپے خرچ کیے جارہے ہیں، منظور وسان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کا سامنا ہے،جیل میں قیدیوں کو ناشتے میں انڈا اور شام کو چائے کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔