بلدیہ کے سابق افسر کی چھپائی گئی سرکاری گاڑی برآمد

لیاقت علی نے گاڑی دوست کے بنگلے پر چھپا رکھی تھی، پولیس نے تحویل میں لے لی


Staff Reporter November 21, 2012
پولیس نے اس گھر پر چھاپہ مارا تو اس گاڑی کو بنگلے کے اندر کپڑا ڈال کر چھپانے کی کوشش کی گئی. فوٹو: اے ایف پی/ فائل

KARACHI: پولیس نے چھاپہ مار کر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر لیاقت علی خان قائم خانی کی طرف سے کلفٹن میں چھپائی جانے والی سرکاری گاڑی اپنی تحویل میں لے لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیاقت علی خان سرکاری ملازمت ختم ہوجانے کے باوجود سرکاری گاڑی واپس نہیں کررہے تھے اس سلسلے میں ان کو متعدد بار تحریری طور پر آگاہ کیا گیا مگر انھوں نے گاڑی دینے سے انکار کردیا جس کے بعد ان کے خلاف نیوٹاؤن پولیس اسٹیشن میں میں ایف آئی آر درج کرادی گئی۔

پولیس نے کئی مرتبہ ان کے گھر پر چھاپہ مارا مگر گاڑی برآمد نہیں ہوئی بدھ کو پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ لیاقت علی خان نے سرکاری گاڑی کلفٹن بنگلہ نمبر C 92 نزد شیریں جناح کالونی میں چھپائی ہوئی ہے جب پولیس نے اس گھر پر چھاپہ مارا تو اس گاڑی کو بنگلے کے اندر کپڑا ڈال کر چھپانے کی کوشش کی گئی پولیس نے وہاں سے گاڑی برآمد کرلی، ذرائع نے بتایا کہ لیاقت علی خان نے یہ گاڑی اپنے دوست کے بنگلے میں چھپائی تھی، ذرائع کے مطابق لیاقت علی خان چھاپے میں گاڑی کی برآمدگی کے بعد بلدیہ عظمیٰ کے افسران سے رابطے کرکے گاڑی واپس کرنے کی استدعا کررہے ہیں۔