تمام مسلم مکاتب فکر حسینیؓ کو آگے بڑھائیں شہنشاہ نقوی

محرم الحرام کی مجالس سے علامہ طالب جوہری، حسن ظفر نقوی و دیگر کا خطاب.


Staff Reporter November 21, 2012
محرم الحرام کی مجالس سے علامہ طالب جوہری، حسن ظفر نقوی و دیگر کا خطاب

ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر حسینی فکر اور فلسفے کو آگے بڑھانے کیلیے جدوجہد کو جاری رکھیں تاکہ دنیا اس سے فیضیاب ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نشترپارک میں مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ کربلا والوں نے رسول اکرم ؐ اور دیگر انبیا کے مشن کی تکمیل کیلیے اپنے سے کئی گناہ بڑے لشکر سے جنگ کرکے اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جس کا وعدہ رسول اکرمؐ نے اپنے رب سے کیا تھا، امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر امت مسلمہ مشکلات سے نکل سکتی ہے ۔

علامہ طالب جوہری نے امام بارگاہ ساحرہ نیو رضویہ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب میںکہا کہ بدامنی، دہشت گردی اور خوف و ہراس کے معاشرے میں ہمیں اہلبیت رسول کے طرز زندگی پر نگاہ ڈالنی ہوگی اور ان کے طریقوں کو اپنانا ہوگا، رسول اکرمؐ نے واضح طور پر کہا کہ میرے بعد قرآن سے وابستہ رہوگے تو گمراہی سے بچے رہوگے۔

علامہ حسن ظفرنقوی نے شاہ کربلا ٹرسٹ رضویہ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشنودی خدا اور احکام خداوندی کی بقا کیلیے سرکٹا دینا حسینیت ہے، امام حسینؓ نے اپنا سر تو کٹا دیا لیکن باطل نظام اور نظریے کیخلاف ڈٹ گئے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ اسلام اور رسول اکرمؐؐ کی زندگی کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہی فلاح و نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔