نمائشی فٹبال میچ میں دھونی کوہلی اور یوراج بھارتی فلمی ستاروں کے مقابل آگئے

میچ کی آمدنی ابھیشک کی چیریٹی مہم ’ پلیئنگ فار ہیومنیٹی‘ اور کوہلی فائونڈیشن کو دی گئی۔


Sports Desk June 06, 2016
میچ کی آمدنی ابھیشک کی چیریٹی مہم ’ پلیئنگ فار ہیومنیٹی‘ اور کوہلی فائونڈیشن کو دی گئی۔ فوٹو : فائل

بھارتی کرکٹرز اور فلمسٹارز الیون کا نمائشی فٹبال میچ 2-2 سے ڈرا ہوگیا۔

ویرات کوہلی کی زیرقیادت آل ہارٹس الیون میں مہندرا سنگھ دھونی، روی چندرن ایشون، شیکھر دھون، ہربھجن سنگھ ، یوراج سنگھ سمیت نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ فلمی ٹیم کی باگ ڈور رنبیر کپور کے سپرد رہی۔ جس میں ابھیشک بچن ، آدیتیہ روئے کپور، راج کندرا ، شوجیت سیکار، سکھویندر سنگھ اور دیگر اہم فنکار شریک ہوئے۔ کرکٹرز الیون کی جانب سے یوراج سنگھ اور لوکیش راہول نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، شوبز الیون کیلیے شوجیت سیکار اور انتونیو پیکورا نے ایک ایک گول کیا۔

میچ کی آمدنی ابھیشک کی چیریٹی مہم ' پلیئنگ فار ہیومنیٹی' اور کوہلی فائونڈیشن کو دی گئی۔ جو مہاراشٹرا میں قحط سالی سے متاثر لوگوں کی مدد کررہی ہیں، میچ کے اختتام پر ابھیشک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈرا سے قطع نظر یہ اچھا میچ رہا، ہم سب ایک عظیم مقصد کیلیے یہاں یکجا ہوئے، جس کا مقصد خشک سالی سے متاثرہ لوگوں کی مدد اور آگاہی مہم ہے، اس موقع پر رنبیر نے کہا کہ یہ میرا پسندیدہ کھیل ہے اورمیں بچپن سے اسے کھیلتا آرہا ہوں ، ہم اتوار کو فٹبال کھیلتے ہیں۔

مقبول خبریں