انگلینڈ میں بیٹسمینوں کی آزمائش ہوگی محمد یوسف

ٹیم نے بیشتر میچز یواے ای میں کھیلے ، وہاں کنڈیشنز یکسر مختلف ہوں گی، سابق کپتان


Sports Desk June 06, 2016
ٹیم نے بیشتر میچز یواے ای میں کھیلے ، وہاں کنڈیشنز یکسر مختلف ہوں گی، سابق کپتان فوٹو:فائل

سابق کپتان محمد یوسف نے دورئہ انگلینڈ کو پاکستانی بیٹسمینوں کیلیے بڑی آزمائش قرار دیا ہے۔

محمد یوسف کہتے ہیں کہ میرے لیے سب سے زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ پاکستان ٹیم گذشتہ چند برس متحدہ عرب امارات میں کھیلتی رہی ہے، وہاں کی اور انگلینڈ کی کنڈیشنز میں زمین آسمان کا فرق ہے، انگلش ٹیم اپنے ہوم گرائونڈز پر بہترین ریکارڈ کے تحفظ کے لیے پوری قوت صرف کرے گی۔

یہ ہمارے لیے ایک انتہائی سخت ٹور ثابت ہونے والا ہے، ہماری پہلی ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہونی چاہیے کہ ہم سری لنکا کی طرح فوری طور پر ہتھیار نہ ڈالیں۔ یوسف کو پاکستان کی تجربہ کار بیٹنگ لائن پر زیادہ بھروسہ اور اس سے کافی امید بھی وابستہ ہے، وہ کہتے ہیں کہ میرے خیال میں ہمارے بیٹسمینوں کو سری لنکا سے زیادہ بہتر کھیل پیش کرنا چاہیے کیونکہ یونس خان، مصباح الحق، اظہر علی اور اسد شفیق کافی تجربہ کار ہیں، جتنا جلد وہ انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوں گے اتنا ہی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔

محمد یوسف نے نئے کوچ مکی آرتھر کی جانب سے ابھی تک ٹیم کو جوائن نہ کرنے پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ روانگی کا وقت سر پر آپہنچا اور ابھی تک کوچ نے ٹیم جوائن نہیں کیں، میں نہیں سمجھتا کہ اتنے اہم ٹور کیلیے اس طرح کی تیاری مناسب ہے۔