بولنگ کوچ کیلئے بی سی بی کو عاقب جاوید کی ’ ہاں ‘ کا انتظار

پاکستانی پیسر کل تک حتمی جواب دیں گے، دیگر تین امیدوار بھی رابطے میں ہیں، بنگلہ بورڈ چیف


Sports Desk June 06, 2016
پیسر کل تک حتمی جواب دیں گے، دیگر تین امیدوار بھی رابطے میں ہیں، بنگلہ بورڈ چیف فوٹو: فائل

QUETTA/ ISLAMABAD: بنگلہ دیش بولنگ کوچ کی ذمہ داری کیلیے عاقب جاوید کی 'ہاں ' کا منتظر ہے، پاکستان کے سابق فاسٹ بولر منگل تک حتمی جواب دیں گے، تین دیگر امیدواروں سے بھی بات چیت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے بولنگ کوچ ہیتھ اسٹریک نے گذشتہ ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد معاہدے میں تجدید کی پیشکش قبول نہیں کی تھی، جس کے بعد سے بی سی بی کونئے بولنگ کوچ کی تلاش ہے۔ ہیتھ اسٹریک کے حتمی فیصلے سے قبل ہی بی سی بی کی کرکٹ آپریشن کمیٹی کے چیئرمین محمد اکرم نے عندیہ دیا تھا کہ وہ اس ذمہ داری کیلیے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، اب بورڈ کے صدر نظم الحسن نے نہ صرف عاقب سے بات چیت کی تصدیق کردی بلکہ یہ بھی بتایا ہے کہ وہ اس بارے میں حتمی فیصلہ منگل تک کریں گے۔ نظم الحسن نے کہا کہ ہم عاقب کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ہمارے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چودھری نے ہمیں بتایا ہے کہ منگل تک ان کی جانب سے 'ہاں یا ناں' میں جواب آجائے گا، ہم اس دوران دوسرے آپشنز پر بھی غور جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ عاقب جاوید نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سے استعفیٰ دیا ہے، انھیں پاکستان سپر لیگ ٹیم لاہور قلندرز کا ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز مقرر کیا گیا ہے، عاقب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے خواہاں تھے مگر بورڈ کی جانب سے غیرملکی آفیشل میں دلچسپی کی وجہ سے انھوں نے اس عہدے کے لیے درخواست تک نہیں دی تھی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے بولنگ کوچ کے لیے تین دیگر امیدواروں سے بھی بات چیت جاری ہے تاہم ان کی پہلی ترجیح عاقب ہی ہیں جوکہ اس سے پہلے بھی مختصر وقت کے لیے بنگلہ دیشی بولرز کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

مقبول خبریں