ڈولفن شو کا آغاز یکم جنوری سے کیا جائیگاتیاریاں مکمل

کراچی کے شہری اب نئے سال کی آمد پر ڈولفن شو میں سدھائی گئی روسی ڈولفن مچھلیوں اور سی لائنز کے کرتب دیکھ سکیں گے۔


Business Reporter November 23, 2012
ڈولفن شوز کے لیے میری ٹائم میوزیم میں پول اور پویلین 80 فیصد تک تعمیر کرلیا گیا۔ فوٹو : ایکسپریس

ڈولفن شو کے لیے قانونی تقاضے پورے کرلیے گئے ہیں، پول اور پویلین کی 80فیصد تعمیر مکمل کرلی گئی، وفاقی وزارت تجارت، وزارت داخلہ، وزارت ماحولیات اور وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ نے تفریحی منصوبے کو کلیئر کردیا۔

پہلا شو یکم جنوری کو منعقد ہوگا، کراچی کے شہری اب نئے سال کی آمد پر ڈولفن شو میں سدھائی گئی روسی ڈولفن مچھلیوں اور سی لائنز کے کرتب دیکھ سکیں گے، پاکستان میں ڈولفن مچھلیوں کا شو منعقد کرنے والی کمپنی کے ایم ڈی مصطفیٰ کمال نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈولفن شو کا آغاز یکم جنوری سے کیا جائے گا، ڈولفن مچھلیوں کے شو کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں سے اجازت نامے حاصل کرلیے گئے ہیں جن میں وفاقی وزارت داخلہ، وفاقی وزارت تجارت ، وفاقی وزارت ماحولیات اور سندھ وائلڈ لائیو ڈپارٹمنٹ شامل ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈولفن مچھلیوں کے شوز متحدہ عرب امارات، خلیجی ریاستوں میں مستقل بنیادوں پر منعقد ہوتے ہیں جبکہ جنوبی ایشیا میں اس طرز کے شوز اس سے قبل نہیں کیے گئے اور پہلی مرتبہ پاکستان میں عالمی معیار کے تفریحی شوز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ڈولفن مچھلیوں کے شوز کے لیے میری ٹائم میوزیم کراچی میں پول اور پویلین 80فیصد تک تعمیر کرلیا گیا ہے اور شہریوں کی بھرپور دلچسپی کو دیکھتے ہوئے دن رات کی بنیاد پر تعمیراتی کام جاری ہیں جو 15دسمبر تک مکمل کرلیے جائیں گے جس کے بعد دسمبر کے آخری ہفتے تک ڈولفن اور سی لائنز اور ان کے ٹرینرز پاکستان پہنچ جا ئیں گے،انھوں نے بتایا کہ اب تک مختلف اسکولوں کے 1.5لاکھ بچوں نے شوز کی پیشگی بکنگ کرادی ہے ، فیملیز کی دلچسپی اور سہولت کے پیش نظر چھ شوز فیملیز کے لیے مخصوص کردیے گئے ہیں۔