شہری الرجی اور فلو سے محفوظ رہنے کیلئے اقدامات کریں طبی ماہرین

اسکول جانے والے بچوں کوگرم کپڑوں کے ساتھ سرکو ڈھانپنا لازمی ہے


Staff Reporter November 24, 2012
گلہ خشک ہونے سے گلے میں خرابی کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں، فلو، نزلہ زکام ہونے کی صورت میں معالج سے رجوع کیاجائے۔ فوٹو: فائل

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ کراچی میں خنکی والاموسم شروع ہوگیا، رات کے اوقات میں موسم میں ٹھنڈک اور خنکی شروع ہوجاتی ہے۔

ایسے موسم میں بچوں کو براہ راست پنکھوں کے نیچے نہ سلائیں، سرد موسم میں نزلہ، زکام اورفلوکامرض تیزی سے پھیلتا ہے، فلو عام مرض ہوتا ہے لیکن بچوں سمیت گھرکے دیگرافرادکو لپیٹ میں لے لیتا ہے، اس موسم میں الرجی کے بھی مسائل جنم لیتے ہیں، گلہ خشک ہونے سے گلے میں خرابی کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں، ٹھنڈی اورکھٹی اشیاگلے میں انفیکشن کا باعث بنتی ہے، طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ کراچی میں شام کے اوقات میں موسم خوشگوار ہوجاتا ہے لیکن اس خوشگوارموسم سے لطف اندوزہونے کیلیے بچوں سمیت بڑی عمر کے افراد کو تمام ترحفاظتی اقدامات اوراحتیاط کی ضرورت ہے۔

شام کے اوقات میں بچوں کا سرڈھانپ کررکھاجائے، سبزیاں اور سبزیوں کے سوپ،گھرکی تیارکردہ یخنی انتہائی مفید ہوتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح سویرے اسکول جانے والے بچوں میں لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، صبح کے اوقات میں موسم مزید سرد ہوجاتا ہے لہٰذا اسکول جانے والے بچوں کوگرم کپڑوں کے ساتھ سرکو ڈھانپنا لازمی ہے بصورت دیگر بچوں کوسردی لگنے سے صحت کے متعدد مسائل جنم لیتے ہیں۔

اس موسم میں فلو، نزلہ زکام کا مرض شدت اختیار کرتا ہے تاہم یہ مرض کمزور قوت مدافعت رکھنے والے بچوںکو شدید متاثرکرتا ہے،گھر میں بچوںیا بڑی عمرکے افراد میں فلو، نزلہ زکام ہونے کی صورت میں معالج سے رجوع کیاجائے اورمتاثرہ افرادکی غذا پر خصوصی توجہ دی جائے، ماہرین نے کہاکہ وہ خواتین جو اپنے بچوںکوفیڈکراتی ہیں وہ ٹھنڈے پانی سے دور رہیں اور ٹھنڈے پانی سے کپڑے اور برتن دھونے سے اجتناب کریں، ضعیف العمرکے افراد بھی ٹھنڈے پانی سے وضو کرنے سے اجتناب کریں، ماہرین نے کہاکہ سرد موسم میں متوازی کھانے پینے سے بھی لطف اندوزہوسکتے ہیں.

ڈرائی فروٹ کااستعمال بھی اس موسم میں مفید ہوتا ہے، بچوں کو ناشتے میں انڈا، شہداور دودھ لازمی دینا چاہیے تاکہ بچوں میں پروٹین اوروٹامن کی کمی نہ ہو، ماہرین کا کہنا تھا کہ جن بچوں میں قوت مدافعت کم ہوتی ہے ان کی ذہنی صلاحیتں بھی متاثر ہونے لگتی ہیں جس کی وجہ سے ایسے بچے تعلیمی مسائل کا بھی شکار ہوجاتے ہیں، سبزیاں، کینو سمیت دیگر فروٹ کا بھی بچوں میں استعمال رکھیں،کینو سے وٹامن سی حاصل کیاجاتا ہے، جوسزکے استعمال کے ساتھ فروٹ کا استعمال کیاجائے۔