ماس ٹرانزٹ سسٹم تین مراحل میں مکمل ہوگا عشرت العباد

یورپی اور کینیڈین سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں.


Staff Reporter November 24, 2012
گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے بالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جارہی ہے۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہاہے کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ سسٹم تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا ، جس میں مونو ریل سسٹم،ریپڈ بس ٹرانزٹ اور انفرا اسٹرکچر شامل ہیں۔

اس کیلیے حکومت کو بہت زیادہ سرمایہ کی ضرورت ہے ،وہ گورنر ہائوس میں بارہویں سینئر مینجمنٹ کورس اور 14 ویں مڈ کیئر مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب کررہے تھے،انھوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں حکومت شاہراہوں اور سڑکوں کی تعمیر اور انھیں وسیع کررہی ہے، اس سے ٹریفک جام کے خاتمے میں مدد ملے گی،انھوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے بالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جارہی ہے۔

چین کی کمپنیاں بھی یہاں سرمایہ کاری کررہی ہیں یورپی اور کینیڈین سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں،انھوں نے کہا کہ کراچی ملک کا بڑا اقتصادی حب ہے، جو ملک کے کل ریونیو کا 70 فیصد فراہم کرتا ہے یہاں کے پرکشش ماحول کے باعث بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کررہی ہے اور بیرونی سرمایہ کاری سے یہاں روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے ،انھوں نے کہاکہ حکومت پوری یکسوئی کے ساتھ انڈسٹریل سیکٹر کو تمام سہولیات فراہم کررہی ہے ا ور انفرا اسٹرکچر کا کام بھی جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں زراعت کو فروغ دیا جارہاہے، حکومت نے اس سیکٹر کو مزید فعال کرنے کیلیے پرکشش پیکچ بھی دیے ہیں تاکہ لوگ اس جانب متوجہ ہوسکیں،انھوں نے کہا کہ اکتوبر کے مہینے میں کراچی کی تمام تاجر تنظیمیں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری ، ڈکیتیوں اور چوری کی وارداتوں سے تنگ آکر احتجاج پر مجبو ہوئی تھیں اس وقت صدر مملکت نے مجھے واضح ہدایت دیں کہ تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

جس کے بعد ایک مربوط پلاننگ اور حکمت عملی کے تحت ان علاقوں میں کمیونٹی پولیسنگ قائم کی گئی جس میں رینجرز ، پولیس اور سی پی ایل سی شامل ہے آج ان علاقوں میں جرائم کی شرح بہت کم ہوچکی ہے،گورنر ہائوس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید لغاری سے ملاقات کے دوران گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبے کی جامعات میں انرولمنٹ میں اضافہ ہوا ہے اور بیشتر جامعات میں طلبہ و طالبات کی تعداد دگنی ہوگئی ہے، اس ہی مناسبت سے ان جامعات میں تحقیق و تدریس اور انفرا اسٹرکچر کے ضمن میں اضافہ اور بہتری آنا چاہیے،ملا قات میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے متعلق اہمیت کے حامل مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔