محرم20 ہزار پولیس سمیت کمانڈوز بھی سیکیورٹی کیلیے تعینات

مرکزی جلوس کے اختتام تک تمام لنک روڈ بند رہیں گے ، آئی جی فیاض لغاری.


Staff Reporter November 24, 2012
مرکزی جلوس کے اختتام تک تمام لنک روڈ بند رہیں گے ، آئی جی فیاض لغاری. فوٹو: فائل

آئی جی سندھ فیاض لغاری نے 8 محرم الحرام کے جلوس کی گزر گاہوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود اور ڈی آئی جی ٹریفک خرم گلزار کے علاوہ دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

انھوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی جلوس کیلیے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ محرم الحرام کی سیکیورٹی کیلیے20ہزار پولیس کی نفری پورے شہر میں مختلف مقامات پر تعینات ہو گی اورکسی بھی ہنگامی صورتحال کیلیے مختلف مقامات پر پولیس کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ دوران جلوس کسی بھی شخص کو جلوس میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ مرکزی جلوس کے اختتام تک تمام لنک روڈ بند رہیں گے، آئی جی سندھ کو پیش کی جانیوالی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ9محرم الحرام کے دوران شہر میں قائم 305 سے زائد امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلیے بھی غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ امام بارگاہوں و دیگر مجالس کے مقامات اور جلوس کے راستوں پر ہر قسم کی پارکنگ ممنوع قرار دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی اقدامات پر انتہائی مستعدی اور ذمے داری سے عمل درآمد کرتے ہوئے دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر بھی سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔