حسینؓ نے نبی کریمؐ کے مشن کی تکمیل کیلیے قربانی پیش کی

آپؓ نے دین کی ترویج کیلیے جدوجہد کی اور پرچم اسلام کو سربلند کردیا، شہنشاہ نقوی.


Staff Reporter November 24, 2012
مجالس محرم الحرام سے طالب جوہری، حسن ظفر نقوی، مولانا محمد نقوی کا خطاب فوٹو : ایکسپریس

ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کے مشن اور مقاصد کی تکمیل کیلیے حسینؓ ابن علی نے اپنی جان کی قربانی پیش کی۔

دین کی ترویج کیلیے کٹھن اور سخت جدوجہد کی اور پرچم اسلام کو سربلند کردیا، رہتی دنیا تک امام عالی مقام کی قربانی کو یاد رکھا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انھوں نے نشترپارک میں محرم الحرام کی مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ آپؓ کی جرآت و بہادری نے باطل ایوانوں میں حق و صداقت کے پیغام کو پہنچایا اور اسلام دشمن قوتوں پر یہ بات واضح کردی کہ دین کے وارث زندہ ہیں اور جب بھی دین کی اساس پر حملہ ہوگا، محمد و آل محمد کے پیروکار اس کا دفاع کریں گے، امام حسین نے کربلا کے میدان میں شریعت محمدی اور نبیوں کی محنت کو بچایا کیونکہ یزید وقت پیغام الٰہی کو ختم کرنا چاہتا تھا۔

علامہ طالب جوہری نے امام بارگاہ سامرہ نیو رضویہ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان پستی اور زوال سے نجات حاصل کرنے کیلئے قرآن اور اہل بیت کی تعلیمات پر عمل کریں، امام حسینؓ نے باطل نظام اور نظریہ کیخلاف ڈٹ جانے اور مقابلے کی بات کی، افکار حسینی پر عمل کیا جائے تو مسلمانوں کا کھویا ہوا وقار بحال ہوسکتا ہے.

علامہ حسن ظفر نقوی نے امام بارگاہ رضویہ سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمران حسینی فکر اور فلسفے کی پیروی کریں اور مظالم کیخلاف آواز اٹھائیں کیونکہ اس وقت پوری اسلامی دنیا سامراجی شکنجے میں پھنسی ہوئی ہے، ظلم و جبر انتہاپسندی اور زبردستی سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ الجھ جاتے ہیں امام حسینؓ کے آفاقی ذکر کو آگے بڑھانا سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، مولانا سید محمد نقوی نے محفل مرتضی سوسائٹی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سخت اور بدترین دشمن کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے، فلاح انسانیت اور دین کی بقاء کیلیے نواسہ رسول نے عظیم قربانی پیش کی اور سخت جدوجہد کرکے اسلام کی اعلیٰ روایت کو قائم رکھا۔