تجاوزات سے بچائو کیلیے فٹ پاتھ تعمیر کی جائے عدالت

ناجائز تجاوزات کے باعث سڑک کی چوڑائی کم ہوگئی،درخواست گزار.


Staff Reporter November 24, 2012
ناجائز تجاوزات کے باعث سڑک کی چوڑائی کم ہوگئی،درخواست گزار. فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے لائنزایریا میں تجاوزات سے بچائو کے لیے سڑک کے اطراف فٹ پاتھ کی تعمیر کی ہدایت کی ہے ۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیرعالم اور جسٹس شفیع احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مسماۃ سیدہ آغا کی آئینی درخواست کی سماعت کی ، درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ لائنز ایریا کے سیکٹر 8A میں واقع سڑک علاقے کو شہر کی مرکزی شاہراہ شاہ فیصل سے ملاتی ہے ، اس اہم سڑک پر تجاوزات قائم کی جارہی ہیں جس کے باعث سڑک کی چوڑائی کم ہورہی ہے ، درخواست گزار کے مطابق اس وجہ سے نہ صرف علاقے میں دیگر شہری سہولتیں متاثر ہورہی ہیں بلکہ ٹریفک جام بھی معمول بنتا جارہا ہے ۔

اسی درخواست میں سابق یوسی کونسلر محفوظ النبی ایڈووکیٹ نے بھی متفرق درخواست دائر کی تھی اور موقف اختیارکیا تھا کہ سڑک سے متصل سیوریج نالے پر تجاوزات قائم کی گئی ہیں اوریہاں تجارتی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں ،تجارتی مفادات کے حامل افراد شہری سہولتیں رہائشی آبادی کو فراہم کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پرخود حاصل کررہے ہیں وہ مختلف سرکاری اداروں کے ان اہلکاروں کو تجاوزات کے خاتمے کے ذمے دار ہیں انھیں رشوت فراہم کرتے ہیں ، فاضل بینچ نے ان کا موقف سننے کے بعد کمرہ عدالت میں موجود چیف انجینئر کراچی واٹر اینڈسیوریج بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر کے ایم سی افسران کے ہمراہ اے بی سینیا لائن کا دورہ کریں اور سیوریج نالے پر تجارتی تعمیرات کا معائنہ کرکے ان کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں اور کے ایم سی کو ہدایت کی کہ وہ سڑک کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ تعمیر کرے تاکہ تجاوزات سڑک کی طرف نہ آئیں۔