شیر شاہبجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ

ہر ماہ باقاعدگی سے بجلی کا بل جمع کرا رہے ہیںپھر بھی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، مکین.


Staff Reporter November 24, 2012
مشتعل افراد کا گاڑیوں پر پتھرائو، پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے. فوٹو: فائل

شیر شاہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مکینوں نے شدید احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کردی، اور سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے۔

تفصیلات کے مطابق شیر شاہ کے علاقے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف مکینوں نے شید احتجاج کرتے ہوئے شیرشاہ روڈ بلاک کر کے ٹریفک معطل کردی ، مظاہرین نے پتھراؤ کر کے متعدد مسافر بسوں اور کاروں کے شیشے توڑ دیے جبکہ سڑک پر ٹائر جلائے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے ای ایس سی شیرشاہ کے رہائشیوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ، جب دل چاہتا ہے لوڈ شیڈنگ کے نام پر علاقے کی بجلی بند کر دیتے ہیں دن ، رات عید یا کسی بھی قسم کے تہوار کا خیال نہیں کیا جاتا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے ای ایس سی کے عملے نے اگر شیرشاہ کے رہائشیوں کو تنگ کرنا ختم نہیں کیا تو وہ احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاؤس ، گورنر ہاؤس اور کراچی پریس کلب جائیں گے ، مکینوں کا کہنا تھا کہ وہ ہر ماہ باقاعدگی سے بجلی کا بل جمع کرا رہے ہیں جبکہ اگر ان کے علاقے میں کوئی کنڈا لگانے کی کوشش کرتا ہے تو اپنی مدد آپ کے تحت کنڈا اتار دیتے ہیں ۔

مکینوں نے بتایا کہ شیرشاہ کے علاقے میں ایک بہت بڑا صنعتی ایریا ہے جہاں کے ای ایس سی کے عملے نے مبینہ طور پر خود کنڈے لگوائے ہوئے ہیں اور ان سے ہر ماہ مبینہ طور پر رقم لیتے ہیں جبکہ اس علاقے کی لوڈ شیڈنگ بھی نہ ہونے کے برابر ہے ، بعد ازاں پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر مکینوں سے بات چیت کے بعد جلد بجلی کی بحالی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے ۔