سربمہر دکانوں اور مکانات کی نگرانی کا عمل جاری رہیگا آئی جی

نشتر پارک کے راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹکٹر کے ذریعے چیکنگ کی جائیگی۔


Staff Reporter November 25, 2012
مشکوک شخص یا لاوارث اشیا نظر آتے ہی ضروری اقدامات کیے جائیں، افسران کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کہا ہے کہ مرکزی جلوس کے روٹس پر سربمہر کی جانے والی دکانوں اور مکانات کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔

یہ بات انھوں نے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کہی، انھوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹس پر سربمہر کی جانے والی دکانوں اور خالی مکانوں اور فلیٹس کی وقتاً فوقتاً نگرانی کے ساتھ ساتھ بلند عمارتوں پر تعینات افسران اور اسنائپرز کے ذریعے کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔

مرکزی مجالس کے مقامات ، مرکزی جلوسوں کے اطراف میں سادہ لباس افسران و اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جو دیگر انٹیلی جنس اداروں سے رابطے میں رہتے ہوئے انٹیلی جنس شیئرنگ کی بدولت ممکنہ طور پر ناخوشگوار واقعے کے انسداد کیلیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔

علاوہ ازیں آئی جی سندھ کو ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ محرم سیکیورٹی پلان کی شیڈول ڈیوٹیوں میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی مجالس کے مقامات اور پارکنگ لاٹس کے علاوہ جلوسوں کے اطراف میں سوئپنگ اور کلیئرنس کے عمل میں پیش پیش ہے،نشتر پارک کے مرکزی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹکٹر کے ذریعے اسپیشل برانچ پولیس کے افسران و جوان اور منتظمین کی معاونت سے شرکا کی فزیکل سرچنگ میں بھی مصروف ہیں۔