دورہ بھارت پاکستانی شائقین کو پابندیوں کی زنجیروں میں جکڑنے کا پلان

وینیوز تک محدود رہتے ہوئے آزادانہ نقل وحرکت نہیں کرپائیں گے،اسٹیڈیمزمیں ہم وطنوں سے الگ بٹھا کرگہری نظررکھی جائیگی۔


Sports Desk November 25, 2012
چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے وزیر داخلہ سے شائقین کیلیے بھارتی ویزوں کے حصول میں مدد مانگ لی، رحمان ملک نے معاملہ ہم منصب کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرا دی۔ فوٹو: فائل

بھارت نے پاکستانی شائقین کو آئندہ ماہ شیڈول سیریز کے موقع پر پابندیوں کی زنجیروں میں جکڑنے کا پلان بنالیا۔

سرحد پار سے آنے والے کرکٹ کے دیوانے آزادانہ نقل و حرکت نہیں کرپائیں گے، اسٹیڈیمز میں بھی ان پر گہری نظر رکھی جائے گی، بھارتی کرکٹ بورڈ کے منظور شدہ ہوٹلوں میں قیام لازمی ہوگا، وینیوز کے سوا کسی جگہ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے وزیر داخلہ رحمان ملک سے شائقین کے لیے بھارتی ویزوں کے حصول میں مدد مانگ لی، رحمان ملک نے معاملہ اپنے انڈین ہم منصب کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ کی 22 تاریخ کو بھارت پہنچنا ہے جہاں میزبان کے خلاف دو ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

مگر اتنا کم وقت باقی رہنے کے باوجود ابھی تک ویزا پالیسی کو ہی حتمی شکل نہیں دی جاسکی، جہاں ایک طرف شائقین کو یہ تک معلوم نہیں کہ انھیں کن شرائط پر پڑوسی ملک جانے کا پروانہ ملے گا وہیں بھارتی وزارت داخلہ نے بھی سرحد پار سے آنے والے شائقین کو کھیل سے محبت کی کڑی سزا دینے کے لیے سخت پابندیوں کی منصوبہ بندی کرلی،اس کی موجودگی میں کرکٹ کے دیوانوں کے لیے کھیل سے محظوظ ہونا ہی مشکل ہوجائے گا۔

بھارتی سرزمین پر قدم رکھتے ہی پاکستانی شائقین کی نگرانی شروع اور نقل وحرکت انتہائی محدود رکھی جائے گی، ایئرپورٹ سے سیدھا ان ہوٹلوں میں جانا ہو گا جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے منظور شدہ ہوں گے، وہاں پر انھیں کمروں تک ہی محدود کردیا جائے گا، خفیہ اہلکاروں کی نگاہوں کے پہرے میں یہ اسٹیڈیم پہنچیں گے اور وہاں پر بھی نظر رکھی جائے گی، میچ ختم ہوتے ہی شائقین کو واپس اپنے ہوٹل پہنچنا ہوگا۔

انھیں وینیوز کے سواکسی اور جگہ جانے یا تاریخی وسیاحتی مقامات کی سیر تک کی اجازت نہیں ہوگی۔ بھارتی وزارت داخلہ اور بورڈ پہلے ہی ہر میچ کے لیے پاکستانی شائقین کو صرف 500 ٹکٹیں جاری کرنے کا پروگرام بنا چکا، حکام چاہتے ہیں کہ پاکستان سے کم سے کم لوگ یہاں میچ دیکھنے آئیں تاکہ ان کی نگرانی میں آسانی ہو اور پھر وطن واپسی یقینی بنائی جاسکے۔ جہاں ایک طرف بھارت میں سیکیورٹی کے نام پر پاکستانی شائقین کو پابندی کی زنجیریں پہنانے کی تیاریاں ہورہی ہیں وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی شائقین کے لیے ویزوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں شروع کردیں۔ اس سلسلے میں پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے بعد اب وزیرداخلہ رحمان ملک سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

انھوں نے ان سے شائقین کرکٹ کے لیے ویزوں کے حصول میں مدد کی درخواست کی ہے، رحمان ملک نے ذکا اشرف کو یقین دہانی کرائی کہ وہ یہ معاملہ اپنے بھارتی ہم منصب کے سامنے اٹھائیں گے،ان کی کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ شائقین بھارت جاکر کرکٹ میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔ اس موقع پر ذکا اشرف نے وزیرداخلہ کو پاک بھارت میچز دیکھنے کی بھی دعوت دی۔یاد رہے کہ رحمان ملک کو گذشتہ دنوں پڑوسی ملک جانا تھا مگر بعض وجوہات کی بنا پر دورہ ملتوی کردیا گیا، اب آئندہ چند روز میں ان کی روانگی متوقع ہے۔

پاکستانی ٹیم دورہ بھارت میں پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل 25 دسمبر کو بنگلور میں کھیلے گی، 27 تاریخ کو اس طرز کے دوسرے میچ کا میزبان احمد آباد ہوگا۔ سیریز کے 3 ون ڈے انٹرنیشنل بالترتیب 30 دسمبر، 3 اور 6 جنوری کو چنئی، کولکتہ اور دہلی میں کھیلے جائیں گے ۔