برازیل نے فٹبال ٹیم کے کوچ مینیزیس کی چھٹی کردی

نئے کوچ کا اعلان جنوری 2013 میں ہوگا اور اس کی پہلی آزمائش انگلینڈ کیخلاف 6 فروری کو ویمبلے میں شیڈول میچ میں ہوگی۔


AFP/Sports Desk November 25, 2012
برزالین فٹ بال ٹیم کی کوچنگ کے لئے فلپ اسکولیری فیورٹ ہیں۔ فوٹو: فائل

برازیل نے فٹبال ٹیم کے کوچ مانو مینیزیس کی چھٹی کردی۔

نئے کوچ کا اعلان جنوری 2013 میں کیا جائیگا اور اس کی پہلی آزمائش انگلینڈ کیخلاف 6 فروری کو ویمبلے میں شیڈول میچ میں ہوگی، مینیزیس کی جگہ سنبھالنے کیلیے برازیل کو 2002 میں اب تک آخری اور پانچویں مرتبہ ورلڈ چیمپئن بنوانے والے فلپ اسکولیری فیورٹ تصویر کیے جا رہے ہیں، دیگر تین امیدوار ٹائٹی، میوریسی رامالو اور ایبل براگا بھی قطار میں موجود ہیں۔

مینیزیس سے قبل برازیلین کوچ کے لیے حکام نے میوریسی سے رابطہ کیا تھا لیکن اس وقت انھوں نے یہ پیشکش ٹھکرادی تھی، سابق فٹبالر روماریو نے مینیزیس کی برطرفی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایسا بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا،آج برازیل میں تاریخی دن ہے جس پر ہمیں جشن منانا چاہیے، سی بی ایف کے نیشنل ٹیم ڈائریکٹر آندریس سانچز نے سائو پائولو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مانو مینیزیس کی برطرفی کا اعلان کیا، انھوں نے کہاکہ اس فیصلے میں ٹیم کے منفی نتائج کا اثر نہیں بلکہ فیڈریشن کے صدر نیا آغاز چاہتے ہیں۔

برازیل 2014 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا جبکہ اگلے برس کنفیڈریشن کپ میں اس کا سامنا دنیا کی دیگر 7 بہترین ٹیموں سے ہوگا، مانو مینیزیس کی زیر کوچنگ اگرچہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی بہتر رہی لیکن پانچ مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن سائیڈ اس دوران طاقتور حریفوں جرمنی اور نیدرلینڈز پر قابو پانے میں ناکام رہی، بہت سے برازیلین شائقین کا خیال ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف دوستانہ میچ میں بھی ٹیم بمشکل 1-0 سے کامیاب ہوئی وہ بھی کوئی قابل فخر انداز نہیں تھا ہمیں کمزور حریف کیخلاف اس سے کہیں زیادہ بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنی چاہیے تھی، بہت سے ناقدین مینیزیس کے زیر کوچنگ برازیل کے انداز کو دفاعی خیال کرتے تھے۔

دوسری جانب برطرف کیے جانے والے کوچ نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ برازیل 2014 میں چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ جیتے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے مانو مینیزیس نے پلیئرزاور اسٹاف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ جنوری میں جو بھی نیا کوچ سامنے آیااس پر بے انتہا دبائو رہے گا۔

مقبول خبریں