بم ناکارہ بنانے والی گا ڑی راولپنڈی انتظامیہ کوفراہم

یورپی یونین کی جا نب سے فراہم کردہ روبوٹ گاڑی کے ساتھ استعمال کی جا سکے گی.


Online November 25, 2012
پولیس نے10محرم کے جلوس کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی،6 ہزاراہلکارتعینات۔ فوٹو فائل

KARACHI: وفاقی حکومت نے یوم عاشور پر حفا ظتی اقداما ت سخت کرنے کے لیے بارودی مواداوربم کو ناکارہ بنانے میں مدددینے والی جدیدآلات سے لیس گاڑی راولپنڈی کی ضلعی ا نتظامیہ کوفراہم کردی ہے جو یورپی یونین کی جا نب سے فراہم کردہ روبوٹ گاڑی کے ساتھ استعمال کی جا سکے گی۔

در یں اثنا راولپنڈی پولیس نے10محرم الحرام کے جلوس کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے،10محرم الحرام کے مرکزی جلوس کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے کیلیے راولپنڈی پولیس نے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے ہیں،10محرم الحرام کے جلوس کے فول پروف سیکیورٹی کے لیے راولپنڈی پولیس کے 6 ہزار افسران و اہلکارڈیوٹی سرانجام دیں گے،ضلع پولیس کے علاوہ اسپیشل برانچ پولیس ایلیٹ فورس پنجاب کانسٹیبلری کی نفری،لیڈیزپولیس، پولیس قومی رضاکاراورضلع امن کمیٹی کے ممبران بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ فوج اور رینجرز کے دستے آن کال رہیں گے۔

مرکزی جلوس کے راستوں میں کلوزسرکٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں،کسی بھی شخص کو چھت پر جانے کی اجازت نہ ہوگی،چھتوں پرمسلح پولیس اہلکارتعینات کیے جائیں گے،جلوس شروع ہونے سے قبل جلوس کے روٹ کی سپیشل چیکنگ کی جائے گی،بم ڈسپوزل اسکواڈکسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے گا۔

مقبول خبریں