پاکستان میں پہلی مرتبہ ’’فلم پالیسی‘‘ بنانے کیلئے کام شروع

منسٹری آف نیشنل ریگولیشن اینڈ سروسز نے فلمسازوں، ہدایتکاروں، سینما مالکان، ڈسٹری بیوٹرز اور امپورٹرز سمیت دیگر سے۔۔۔


Qaiser Iftikhar November 27, 2012
منسٹری آف نیشنل ریگولیشن اینڈ سروسز نے فلمسازوں، ہدایتکاروں، سینما مالکان، ڈسٹری بیوٹرز اور امپورٹرز سمیت دیگر سے تجاویز مانگ لیں۔ فوٹو: فائل

منسٹری آف نیشنل ریگولیشن اینڈ سروسز نے پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ' فلم پالیسی' بنانے کے لیے کام شروع کردیا ہے۔

اس سلسلہ میں فلمسازوں، ہدایتکاروں، سینما مالکان، ڈسٹری بیوٹرزاورامپورٹرزسمیت دیگرسے تجاویز حاصل کرنے کے بعد رپورٹ تیارکرلی گئی ہے جس کوسامنے رکھتے ہوئے جلد ہی فلم پالیسی پرکام شروع کیاجائے گا۔ ذرایع کے مطابق فلم پالیسی میں جہاں پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کوزیرغوررکھاجائے گا وہیں پاکستان کی خوبصورت لوکیشنز پرفلمسازی کے خواہشمند ممالک کوبھی یہاں مدعو کیاجائے گا۔

امپورٹ قوانین کے تحت نمائش کے لیے پیش کی جانیوالی بھارتی فلموں پر ٹیکس، جب کہ بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی سمیت دیگرمعاملات رپورٹ کاحصہ ہیں۔ منسٹری آف نیشنل ریگولیشن اینڈ سروسز کی جانب سے بنائی گئی ٹیم گزشتہ کچھ عرصہ سے فلم ٹریڈ سے وابستہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں کررہی تھی۔

فلم ٹریڈ سے وابستہ افرادنے فلم پالیسی بنائے جانے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے خدشات بھی ظاہرکیے ہیں اوراپنی قیمتی تجاویز کو پالیسی میںشامل کرنے کی خواہش بھی ظاہرکی تھی۔

فلمی شخصیات سے ملاقات کے بعد 14 صفحات پرمشتمل رپورٹ وزارت کوجلد بھجوائی جائے گی جس کے بعد وفاقی وزیراورکمیٹی کے سربراہ ملکرفلم پالیسی کوحتمی شکل دینگے۔ یہ بھی معلوم ہواہے کہ اس حوالے سے ایک اہم میٹنگ آیندہ ماہ کے آغاز میں مرکزی فلم سنسربورڈ کے پلیٹ فارم سے کی جائے گی جس میں سنسرپالیسی کے بارے میں بھی اہم پیش رفت متوقع ہے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ فلم پالیسی کوبنانے کے لیے بیوروکریسی کے ساتھ فلم انڈسٹری سے وابستہ اہم شخصیات کوبھی شامل کیاجائیگا اور ان میں سے کچھ لوگ اس کے باقاعدہ ممبربھی بنائے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مرکزی فلم سنسربورڈ کے سابق چیئرمین شاہنوازنون نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد فلم پالیسی بنانے کے ساتھ اسلام آباد میں فلم اکیڈمی بنانے کا بھی اعلان کیاتھا لیکن انھوںنے اپنے دورمیںکسی قسم کا کام نہیں کیا۔ فلمی حلقوںکے مطابق اگر موجودہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ فلم پالیسی بنائے تواس کے مثبت نتائج سامنے آئینگے۔

مقبول خبریں