بجلی کا بحران تعطیلات میں بھی جاری کئی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ

عید کی تعطیلات میں بھی بجلی کے بار بار اور طویل تعطل سے شہری عاجز آگئے


Staff Reporter July 10, 2016
شیرپاؤ کالونی، قائدآباد اور بھینس کالونی میں کئی روز سے بجلی کی آنکھ مچھولی، آگرہ تاج کالونی میں وولٹیج کم اور بڑھنے سے گھریلو برقی آلات جل گئے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

شہر میں عید کی تعطیلات کے دوران بھی بجلی کا بحران بدستور جاری ہے شہر کے مضافاتی علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ کی جانے لگی، وولٹیج بڑھنے سے گھریلو برقی آلات جلنے کی شکایات بڑھ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، عید کی تعطیلات میں بھی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شہر کے مختلف علاقوں لانڈھی ، کورنگی، ملیر، کھوکھراپار، سعودآباد، جناح اسکوائر، معین آباد، زمان آباد، ناصرکالونی، شیرپاؤ کالونی، بھینس کالونی، قائدآباد، شاہ لطیف ٹاؤن و دیگر علاقوں میں بجلی کی کئی کئی گھنٹے طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے لانڈھی، کورنگی، زمان آباد میں کے الیکٹرک کی جانب سے رات کے وقت بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے خصوصاً گھروں میں خواتین، بچوں اور ضعیف افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شیرپاؤ کالونی، قائدآباد، بھینس کالونی کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں گزشتہ کئی روز سے بجلی کی آنکھ مچھولی جاری ہے، وولٹیج مسلسل کم اور زیادہ ہونے سے گھریلو برقی آلات کو نقصان پہنچنے سے شہریوں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ، ڈالمیا، منگھوپیر، قصبہ کالونی، نارتھ کراچی، پہاڑ گنج، علیگڑھ کالونی میں شہریوں کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شدید دشواری کا سامنا ہے مذکورہ علاقے شام ہوتے ہی اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ان علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گٹر کھلے ہوئے ہیں رات کے اندھیرے میں صورتحال انتہائی خطرناک ہوجاتی ہے اور حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔

لیاری کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے سنگولین، حاجی کیمپ، آگرہ تاج کالونی و دیگر علاقوں میں روزانہ کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات اور دشواری کا سامنا ہے آگرہ تاج کالونی میں وولٹیج مسلسل کم اور اچانک بڑھنے سے گھریلو برقی آلات فریج، ٹی وی، کمپیوٹرز کو شدید نقصان پہنچنے سے مکینوں کا بھاری مالی نقصان ہوا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ بند کرکے مختلف علاقوں میں بجلی کے فالٹس کو جلد درست کیا جائے تاکہ وولٹیج سے ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے۔