عدالتی حکم عدولی پر 2پولیس افسران کو جیل بھیجنے کا حکم

ایس آئی شاہ نواز اور محمود رضا درانی عدالتی احکامات سنتے ہی موقع سے فرار ہوگئے.


Staff Reporter November 28, 2012
اقدام قتل، ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں متعدد بارملزمان کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا. فوٹو: فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی عبداﷲ چنہ نے عدالتی حکم عدولی پر تھانہ پاکستان بازار کے سب انسپکٹر شاہ نواز اور تھانہ سعیدآباد کے سب انسپکٹر محمود رضا درانی کو فوری جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

تاہم دونوں پولیس افسران عدالتی احکامات سنتے ہی موقع سے فرار ہوگئے جس پر فاضل عدالت نے فوری ایس ایچ او تھانہ سٹی کورٹ کو طلب کیا اوردونوں پولیس افسران کے خلاف ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 173/174کے تحت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے عدالت کے حکم پر تھانہ سٹی کورٹ نے پیشکار کی مدعیت میں روزنامچہ میں کارروائی کیلیے مذکورہ ایکٹ کے تحت انٹری 33 کرلی، تفصیلات کے مطابق فاضل عدالت نے پولیس مقابلہ اقدام قتل ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ملزمان عظمت سمیت دیگر کے خلاف گواہوں کو متعدد بار عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

جبکہ تھانہ سعید آباد کے پولیس افسر کو پولیس افسر اشرف اعوان کے قتل میں ملوث شیخ عقیل ، نور محمد کے مقدمے میں بھی گواہوں کو طلب کیا تھا چار برس گزرجانے کے باجود دونوں افسران عدالتی احکامات نظرانداز کرتے رہے، فاضل عدالت نے شوکاز نوٹس جاری کیے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے لیکن پولیس افسر عدالتی حکم کو ماننے سے انکار کردیا تھا، منگل کو دونوں پولیس افسران عدالت میں گواہوں کے بغیر عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر فاضل عدالت نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔