بینظیرقتل کیس میں گواہ حاضر ملزمان کے وکلا پیش نہ ہوئے

ایف آئی اے کے وکیل کاشدید احتجاج،عدالت سے سرکاری وکیل مقررکرنیکی استدعا.


Numainda Express November 28, 2012
عدالت نے صہبامشرف کوذریعہ آمدن بتانے کا آخری موقع دیدیا،سماعت 8 دسمبرتک ملتوی. فوٹو: فائل

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمن نے سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیربھٹوشہادت کیس میں ملوث سابق ڈی آئی جی سعود عزیز،سابق ایس پی خرم شہزاد سمیت7ملزمان کیخلاف سماعت8دسمبر تک ملتوی کر دی۔

گزشتہ روز بھی ملزمان کے وکلاء پیش نہیں ہوئے جس پر سینئر سرکاری پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار علی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان اور ان کے وکلاء دانستہ طور پر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد سماعت شروع کی جائے جبکہ تمام گواہان عدالت موجود تھے۔عدالت نے دو مجسٹریٹوں سمیت5گواہان کو آئندہ تاریخ پر طلب کر لیاہے جبکہ مقدمہ کے آٹھویں اشتہاری ملزم سابق صدر پرویز مشرف کی اہلیہ بیگم صہبا مشرف گزشتہ روزبھی عدالتی حکم پراپنا ذریعہ آمدن عدالت میں پیش نہیں کر سکیں انکے وکیل بھی پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئندہ تاریخ تک ہرصورت ذرائع آمدن پیش کیے جائیں آئندہ مزید موقع نہیں دیا جائے گا اور میرٹ پر انکی درخواست پر فیصلہ سنا دیا جائیگا۔ ثنا نیوزکے مطابق چوہدری ذوالفقارکا کہنا تھا ملزمان کے وکلا جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے،مقدمے کی سماعت کیلیے اسٹیٹ کونسل مقررکیا جائے،انھوں نے کہا دہشت گردی کے مقدمات میں یہ سب سے طویل ترین کیس ہے،5سال میں صرف 17 گواہوں کی شہادتیں قلمبند ہوئیں، انہیں 5مواقع دیے گئے لیکن وہ ذرائع آمدن کے ثبوت فراہم نہیں کر سکیں۔