اظہر محمود نے اسلام آباد لیپرڈز کی کپتانی ٹھکرادی

صرف بھارت کیخلاف سیریز میں شرکت کو ناکافی قرار دیدیا، بگ بیش میں حصہ لیں گے۔


Sports Reporter November 29, 2012
صرف بھارت کیخلاف سیریز میں شرکت کو ناکافی قرار دیدیا، بگ بیش میں حصہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

صرف بھارت کیخلاف سیریز میں شمولیت کو ناکافی خیال کرتے ہوئے اظہر محمود نے اسلام آباد لیپرڈز کی کپتانی بھی ٹھکرادی۔

آل رائونڈر کو روایتی حریف کیخلاف مقابلوں میں آزمائے جانے کی اطلاعات تھیں مگر انھوں نے قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کھیلنے کے بجائے بگ بیش کیلیے رخت سفر باندھ لیا۔ ایک انٹرویو میں اظہر محمود نے کہا کہ میں کئی لیگز کے ساتھ معاہدے کرچکا، مجھے صرف بھارت کیخلاف سیریز کھیلنے کیلیے کہا گیا جس کے بعد دوبارہ اسی مقام پر چھوڑ دیا جاتا جہاں آج سے 5 سال قبل تھا، یہ درست نہیں، اگرمعقول پیشکش کرتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹ دیتے ہوئے پورے سیزن ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے کی پیشکش کی جاتی تو انکار نہیں کرتا۔

انھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت نہ کرنا بھی کوئی مسئلہ نہیں، ماضی میں کئی کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلے بغیر بھی قومی ٹیم میں شامل کیے جاتے رہے ہیں، قومی ٹورنامنٹ بھی اچانک کرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ میں پہلے ہی سڈنی تھنڈرز کے ساتھ معاہدہ کر چکا تھا۔