ٹی 20 ایونٹ آئی سی سی وفد آئے گا یا نہیں بورڈ لاعلم

ڈومیسٹک کرکٹ معاملات دیکھتا ہوں اس بارے میں نہیں جانتا، صحافی کو ذاکر کا جواب


Sports Reporter November 29, 2012
پریس ریلیز بعد میں دی گئی، سی او او کے استقبالیہ کلمات موجود، تقریب میں نہیں آئے۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی کا کوئی وفد ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے پاکستان آئے گا یا نہیں۔ پی سی بی حکام نے لاعلمی کا اظہار کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بورڈ کی طرف سے اُردو میں جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ آئی سی سی ڈیولپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے صدر ایلن آئزک اور چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کو ٹوئنٹی 20 ایونٹ کے دوران پاکستان آنے کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرلی۔ گذشتہ روز پریس کانفرنس میں ذاکر خان سے آئی سی سی حکام کی آمد کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ میں تو ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات دیکھتا ہوں اس بارے میں مجھے کوئی علم نہیں، جی ایم میڈیا ندیم سرور ہی بہتر طور پر کچھ بتا سکتے ہیں۔ اس پر بورڈ کے ترجمان نے مائیک ہاتھ میں تھامتے ہوئے فوری طور پر جواب دیا کہ اس حوالے سے کوئی بات میرے علم میں نہیں ہے۔

دریں اثنا قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول اور ٹیموں کے حوالے سے پریس ریلیز خلاف معمول ٹرافی کی تقریب رونمائی کے اختتام پر فراہم کی گئی،اسٹیج پر پی سی بی کی نمائندگی ذاکر خان اور ندیم سرور نے کی، پریس ریلیز میں ایونٹ کے بارے میں تفصیلات اور استقبالیہ کلمات چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی طرف سے درج تھے جو پوری تقریب کے دوران کہیں دور دور تک نظر نہیں آئے۔