للت مودی نے ایک اور ٹی 20 لیگ کا منصوبہ بنالیا

راجستھان پریمیئر لیگ میں سابق انٹرنیشنل پلیئرز کو بھی شامل کیا جائیگا، میڈیا رپورٹ


Sports Desk July 16, 2016
راجستھان پریمیئر لیگ میں سابق انٹرنیشنل پلیئرز کو بھی شامل کیا جائیگا، میڈیا رپورٹ :فوٹو: فائل

للت مودی نے ایک اور دھماکے دار ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کا منصوبہ تیار کرلیا، وہ آئی پی ایل کے روح رواں رہے ہیں اور انھوں نے آئی پی ایل کی شروعات کے ساتھ کرکٹ کا چہرہ تبدیل کیا، کئی سال قبل کامیاب بزنس مین اور بی سی سی آئی نے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں لیکن بھارتی کرکٹ میں مودی کی دلچسپی ختم نہیں ہوئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وہ ایک منصوبے پر غور کررہے ہیں جس کے تحت راجستھان کرکٹ میں بڑا تجربہ کرتے ہوئے مقامی کرکٹ میں انقلابی تبدیلیوں پر غور کیا جارہا ہے، راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر آنے والے دنوں میں راجھستان پریمیئر لیگ (آر پی ایل) ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں، اب اس طرح کی کئی لیگز بھارت میں جاری ہیں لیکن آر پی ایل کا منصوبہ ہے کہ لیگ کیلیے مقامی کرکٹرز کے علاوہ حال ہی میں ریٹائر ہونے والے سپر اسٹار انٹرنیشنل کرکٹرز سے معاہدہ کیا جائے، اس منصوبے کو آگے بڑھانے کیلیے آر سی اے کو بھارتی کرکٹ بورڈ سے این او سی درکار ہوگی۔

ٹورنامنٹ کیلیے اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن براڈ کاسٹ معاہدہ کرنے کے بھی قریب ہے، بی سی سی آئی کی جانب سے مودی کو ناپسند کرنے کے باوجود آر پی ایل پر پابندی کا امکان نہیں، حکام نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ اس لیگ کی میزبانی کرسکتے ہیں کیوں کہ یہ ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے جیسا کہ وہ اپنے انٹرڈسٹرکٹ اور دوسرے ایونٹس کی میزبانی کررہے ہیں۔

آر سی اے کے سیکریٹری سومندرا تیواری نے تصدیق کی کہ ایسوسی ایشن اس طرز کی لیگ کے آغاز پر غور کررہی ہے، انھوں نے کہا کہ یہ ابھی منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہے اور اب تک حتمی طور پر کچھ نہیں کیا گیا، ہم جلد فیصلہ کریں گے یہ ٹی ٹوئنٹی لیگ ہوگی یا نہیں، بات چیت جاری ہے اور مودی اس کا حصہ ہونگے کیونکہ وہ آر سی اے کے صدرہیں، یہ نوجوان کھلاڑیوں کیلیے کافی اچھا رہے گا، ہم ہمیشہ تجربوں کو خوش آمدید کہتے ہیں جیسا کہ ہم گلابی بال سے 4روزہ میچ راجھستان میں منعقد کرنے والے ہیں، میں اور مودی اس طرح کے نئے آئیڈیاز کو پسند کرتے ہیں کیوں کہ ٹی ٹوئنٹی گیمز کھلاڑیوں کیلیے زیادہ کشش کا باعث ہیں۔

مقبول خبریں