افغانستان کی ترقی کیلیے اقوام متحدہ میں قرارداد منظور

پاکستانی چوکیوں وسرحدی دیہات پرافغانستان سے حملے روکے جائیں،رضابشیرتارڑ.


INP November 29, 2012
اتحادی افواج کے انخلاکے بعدبھی افغانستان میں امن اور ترقی کیلیے تعاون جاری رکھنے کا عزم. فوٹو وکی پیڈیا

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مندوبین نے متفقہ قراردادکے ذریعے2014 ء میں اتحادی افواج کے انخلاکے بعدبھی جنگ سے تباہ شدہ افغانستان میں امن اورترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاہے۔

جبکہ پاکستانی نمائندے رضا بشیر تارڑ نے افغانستان سے پاکستان کی سرحدی حدود کی آئے دن خلاف ورزیوں کامعاملہ بھرپوراندازمیں اٹھاتے ہوئے واضح کیاکہ پاکستانی چوکیوں،سیکیورٹی اہلکاروں اورسرحدی دیہات پرافغانستان کی حدودسے حملے روکنے کے لیے مؤثراقدامات کیے جائیں۔ بدھ کوجنرل اسمبلی میں منظورکی گئی متفقہ قراردادجرمن مندوب پیٹروٹنگ نے پیش کی ۔قرارداد میں افغانستان کے ساتھ عالمی برادری کی طویل مدتی شراکت داری کوسراہاگیااورافغانستان کی مددجاری رکھنے کاعزم دہرایا گیا۔

جنرل اسمبلی نے افغانیوں کی سربراہی میں مفاہمی عمل کوسراہا۔مندوبین نے افغانستان سے منشیات کے خاتمے کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت پرزوردیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رضابشیرتارڑ نے بین الاقوامی برادری پرزوردیاکہ وہ افغانستان کے ساتھ رابطہ برقراررکھے۔انھوں نے امن ومفاہمی عمل کے لیے پاکستان کی حمایت کااعادہ کیا۔انھوں نے کہاکہ سرحد پرغیرقانونی نقل وحرکت روکناعالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔