بھارتی ریاست بہار میں باغیوں سے جھڑپ میں 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

سرچ آپریشن کے دوران باغیوں نے اہلکاروں پر بموں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی۔


ویب ڈیسک July 19, 2016
سرچ آپریشن کے دوران باغیوں نے اہلکاروں پر بموں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی۔ فوٹو؛ فائل

RAWALPINDI: بھارتی ریاست بہار میں ماؤ نواز باغیوں اور فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 8 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 باغی ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار میں اورنگ آباد کی سرحد کے قریب جنگل میں سیکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان جھڑپوں اور بم دھماکوں کے نتیجے میں 8 سیکیورٹی اہلکار سمیت 4 باغی مارے گئے جب کہ کئی اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق 2 روز قبل باغیوں کے سربراہ کی آمد کی اطلاع پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا، اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر بموں سے حملہ اور اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس سے 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق علاقے سے زخمیوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی بھیجا گیا لیکن باغیوں کی جانب سے شدید فائرنگ کے باعث ہیلی کاپٹر لینڈ نہیں کرسکا اور زخمیوں کو لیے بغیر واپس آگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا ہے جب کہ آپریشن میں دیگر اضلاع کی پولیس سے بھی مدد طلب کرلی گئی ہے۔