کالا باغ ڈیم ہماری لاشوں پر بنے گارہنما پیپلزپارٹی

عدالتی فیصلے پر شہباز شریف کا بیان سندھ دشمن ہے، منصوبہ کسی صورت منظور نہیں، شرجیل میمن


Staff Reporter November 30, 2012
عدالتی فیصلے پر شہباز شریف کا بیان سندھ دشمن ہے، منصوبہ کسی صورت منظور نہیں، شرجیل میمن۔ فوٹو: فائل

GENEVA: لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے دیے جانے والے فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر آمنے سامنے آگئی ہیں ۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے فوری بعد وزیراعلیٰ پنجاب شبہاز شریف کی جانب سے کالاباغ ڈیم کے حق میں بیان دینے پر پیپلز پارٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹر ی اطلاعات اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کورٹ کے فیصلے کے بعد شہباز شریف کا کالاباغ ڈیم بنانے کے حق میں بیان ان کی سندھ کے ساتھ دشمنی کی عکاسی کرتا ہے۔ کالا باغ ڈیم ہماری لاشوں پر بنے گا، ہم کالا باغ ڈیم کوکسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے کیوں کہ یہ پاکستان دشمن منصوبہ ہے۔

دوسری جانب قائم مقام گورنر اور اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کالا باغ ڈیم پر صوبوں کو آپس میں لڑانے کی سازش بند کرے۔ دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ جاری ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کرے گی۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ جاری ہونے کے بعد اعلیٰ حکومتی حلقوں اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے جمعرات کو طویل صلاح مشورے کیے ۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے اور قانونی حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے پارٹی کے سنیئر رہنماء اور وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے اور ان کی معاونت سینیٹر اعتزاز احسن اور وسیم سجاد کریں گے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا کالا باغ ڈیم بنانے کا فیصلہ آمریت کی راہ ہموار کرنے اور پاکستان کی وحدت پر حملہ کرنے کے مترادف ہے ۔ سپریم کورٹ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ تین صوبے پہلے ہی کالاباغ ڈیم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کراچکے ہیں اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کالا باغ ڈیم کے خلاف کموں شہید پر دھرنا دیا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا موقف یہی ہے کہ ہمیں وفاق کی مضبوطی کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے سے زیادہ عزیز ہے ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا کالا باغ ڈیم بنانے کے حق میں جو بیان ہے وہ اس نام نہاد سیاسی جماعت کی متعصبانہ رویے کی عکاسی ہے ۔ شہباز شریف اور (ن) لیگ اپنے ناپاک اداروں سے باز آجائیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم وفاق کی سالمیت پر یقین رکھتے ہیں، کسی بھی صورت میں کالا باغ ڈیم جیسے سندھ دشمن منصوبے کو قبول نہیں کریں گے۔

دوسری جانب کالا باغ ڈیم کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیان پر قوم پرست جماعتوں کے رہنما محتاط رہے اور انھوں نے شہباز شریف کے خلاف بیان کے بجائے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو بھی پیپلز پارٹی کی سازش قرار دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کو اسمبلیوں کی رائے کو بلڈوز کرنے کا کوئی بھی اختیار نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کالا ڈیم کی تعمیر کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد قانونی ٹیم اس فیصلے کے خلاف پیٹیشن تیار کرے گی جو سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس فیصلے پر تمام اتحادی اور دیگر جماعتوںسے رابطوں کا بھی فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمائوں مخدوم امین فہیم، خورشید شاہ، نوید قمر سمیت اہم رہنمائوں کو ان جماعتوں سے رابطوں کی ہدایات کردی گئی ہیں جس کے بعد ان رہنمائوں نے مختلف جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان تمام قانونی مشاورت اور جماعتوں سے رابطوں کے بعد پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے فیصلے کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے کرے گی۔