سردی کی مناسبت سے متاثرین کوخیمے وکمبل دیے جائیں قائم علی شاہ

متاثرہ علاقوں سے جمع شدہ برساتی پانی کی نکاسی کیلیے اقدامات کیے جائیں، جائزہ اجلاس


Staff Reporter November 30, 2012
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ متحدہ قومی موومنٹ کے وزرا کے وفد سے ملاقات کررہے ہیں، آغا سراج درانی اور شرجیل میمن بھی موجود ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آج وزیراعلیٰ ہائوس میں ستمبر 2012 میں ہونے والی بارش کے متاثرین کے لیے امدادی کاموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موسم سرما کا آغاز ہوچکا ہے اوربارش سے متاثرہ افراد ابھی تک بندوں اورکیمپوں میں رہ رہے ہیں لہذا محکمہ آبپاشی اور انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ متاثرہ اضلاع سے بارش کے کھڑے پانی کی نکاسی کے لیے مربوط اقدامات کریں اور متاثرین کو سردی کی مناسبت سے امدادی اشیا فراہم کریں۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ حکومت 9 ستمبر 2012 کوہونے والی شدید بارش سے متاثرہ افرادکی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ حکومت نے سال 2011 میں 90 لاکھ متاثرہ افراد اور سال 2010 میں 70 لاکھ متاثرین کی دیکھ بھال کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبادکاری اور ریلیف کو ہدایت کی کہ 15دسمبر 2012 تک کا متاثرین کو خوراک / راشن اور کمبل فراہم کیے جائیں ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کو 1520.3ملین روپے جاری کیے جاچکے ہیں جس میں سے 80.3 ملین روپے کمشنر کراچی کو 20 ملین روپے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ 20 ملین روپے ڈی سی قمبرایٹ شہدادکوٹ ، 310,000 کمبلوں کی خریداری کے لیے 305.35 ملین روپے 20,000 رضائی/ رلیوں کے لیے16 ملین روپے ، 62325 لیٹر ڈینگی اسپرے کی خریداری کے لیے 100ملین روپے،184250 راشن بیگس کی خریداری کے لیے 262.556 ملین روپے ،72550 خیموں کی خریداری کے لیے544.125 ملین روپے 115 ملین روپے واجبات کی ادائیگی اور 52 ملین روپے ٹرانسپورٹیشن چارجز کی مدد میں فراہم کیے گئے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع جیکب آباد میں 122121راشن کے تھیلے اور 22123 خیمے ، کشمور ایٹ کندھ کوٹ ضلع میں 120905راشن کے تھیلے اور 26855 خیمے ، ضلع قمبر شہدادکوٹ میں 27096 راشن کے تھیلے اور 12061خیمے ، ضلع گھوٹکی میں 23989 راشن کے تھیلے اور 6213 خیمے ، جبکہ ضلع خیرپور میں 19100راشن کے تھیلے فراہم کیے گئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ دادو اور گھوٹکی کے اضلاع میں بھی متاثرہ افراد اور رتودیرو تعلقہ کی 4 یوسیز میں بھی متاثرین کی دیکھ بھال کی جائے ۔ قبل ازیں ایم کیو ایم کے وزرا کے ایک چار رکنی وفد نے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے ملاقات کی اوراپنے محکموں سے متعلق رپورٹس پیش کیں ۔ وفد میں رضاہارون ، فیصل سبزواری ، زبیراحمد اورشیخ محمد افضل شامل تھے۔