کراچی میں سینئر سیاستداں معراج محمد خان انتقال کرگئے

آج بعد نماز جمعہ مسجد سلطان میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ تدفین ڈیفنس قبرستان میں ہوگی۔


Staff Reporter July 22, 2016
آج بعد نماز جمعہ مسجد سلطان میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ تدفین ڈیفنس قبرستان میں ہوگی۔:فوٹو : فائل

QUETTA: سینئر سیاست داں معراج محمد خان طویل علالت کے بعد جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کراچی میں انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ آج (جمعہ کو) ادا کی جائے گی۔

معراج محمد خان 20 اکتوبر 1938 کو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر فرخ آباد میں پیدا ہوئے، اُن کا تعلق اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانے سے تھا۔ زمانہ طالبعلمی میں وہ نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن (این ایس ایف) کے صدر رہے۔ مرحوم کا شمار ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، وہ 1971 سے 1973 کے درمیان وفاقی وزیر بھی رہے ۔ وہ 30 نومبر 1967 سے 22 اکتوبر 1974 تک پیپلزپارٹی کے نائب صدر بھی رہے۔ معراج محمد خان صحافیوں کے ہر دلعزیز رہنما منہاج برنا مرحوم کے چھوٹے بھائی تھے، مرحوم کے قریبی دوست اظہر جمیل کے مطابق شام کو طبعیت ناساز ہونے پر معراج محمد خان کو اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ تقریباً رات 2 بجے خالق حقیقی سے جاملے۔

بعد ازاں سیاسی اختلافات کے باعث وہ پیپلزپارٹی سے کنارہ کش ہوگئے۔ انھوں نے قومی محاذ آزادی کے نام سے سیاسی جماعت بنائی۔ معراج محمد خان کو پاکستان تحریک انصاف کا پہلا سیکریٹری جنرل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انھوں نے عمران خان سے تنظیمی امور پر اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یوجے ) نے معراج محمد خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغامات میں پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم ، قائمقام سیکریٹری جنرل علی کاظم، صدر کے یوجے حسن عباس، سیکریٹری واجد رضا اصفہانی و دیگر عہدیداروں نے معراج محمد خان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آج بعد نماز جمعہ مسجد سلطان میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ تدفین ڈیفنس قبرستان میں ہوگی۔