انڈر19 کرکٹ سیالکوٹ نے پشاور کو اننگز سے مات دیدی

ری شیڈول کیے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں77، دوسری میں61 پر ڈھیر


Sports Reporter December 01, 2012
ناکام سائیڈ کی جانب سے دوسری باری میں کوئی بیٹسمین بھی وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکا۔ فوٹو: فائل

انٹر ریجن انڈر19 تین روزہ کرکٹ میں سیالکوٹ نے پشاور کو اننگز اور7 رنز سے مات دیدی۔

سیالکوٹ کے اسٹیڈیم میں تالہ بندی کے بعد ری شیڈول کیے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 77 تو دوسری میں61 پر ڈھیر ہوگئی، احمد بٹ نے 12 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچ کے پہلے روز پشاور کی اننگز77 رنز تک محدود رہی، فواد اللہ نے 31رنز بنا کرکچھ مزاحمت کی، حسن علی37 کے عوض6 اور نعمان انور17 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے میں کامیاب رہے۔

01

جواب میں سیالکوٹ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 18 رنز بنائے، دوسرے روز مہمان بیٹسمین بھی یکے بعد دیگر آئوٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم 145 پر پویلین لوٹ گئی، فیصل جاوید نے 32 رنز بنائے، حسن علی 28 اور نعمان انور23کے ساتھ نمایاں رہے، بلال شاہ نے 30 رنز دیکر 4 اور حارث آصف نے46 کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کے سامنے درج کرائیں۔

پشاور نے 68 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی مگر احمد بٹ کی شاندار بولنگ کے سامنے پوری ٹیم 61 پر ہمت ہار گئی، نوجوان بولر نے 12 رنز کے بدلے6پلیئرزکو میدان چھوڑنے پر مجبور کردیا، نعمان انور نے 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ناکام سائیڈ کی جانب سے دوسری باری میں کوئی بیٹسمین بھی وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکا۔