رہنمائوں کی ٹارگٹ کلنگ بدترین دہشت گردی ہے آفاق احمد

پیپلزپارٹی کی حکومت بھی ایک سیاسی جماعت کے آگے بے بس ہے، آفاق احمد۔


Staff Reporter December 01, 2012
پیپلزپارٹی کی حکومت بھی ایک سیاسی جماعت کے آگے بے بس ہے، آفاق احمد۔ فوٹو: فائل

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے مہاجر قومی موومنٹ کے عہدیداران کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انھیں عبرتناک سزا دی جائے۔

مہاجر قومی موومنٹ کے رہنمائوں محمد ظفرقائمخانی، علیم احمد خان، عبدالقادر جیلانی کو دہشت گردوں نے پولیس کی وردی پہن کر گاڑی رکواکر اندھا دھند فائرنگ کرکے ہلاک کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، فوج کو شہر میں آنے کی دعوت دے کر سازش تیار کی جارہی ہے، پولیس و رینجرز کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلیے استعمال کیا جارہا ہے، کوٹے کی بنیاد پر سیاسی جماعتوں کو غیرقانونی اسلحے کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں، چیف جسٹس کراچی میں موجود ہیں انھیں شہر میں قتل و غارت گری نظر نہیں آرہی ہے، انھیں چاہیے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے خود صورتحال کا نوٹس لیں۔



جمعہ کو ڈیفنس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 11اپریل 2011 کو جب مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما اختر حسین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا اس وقت بھی سٹی وارڈن وہاں موجود تھے 17 مارچ 2010 کو جب سہیل انجم کو نشانہ بنایا گیا اس وقت بھی سٹی واڈن وہاں موجود تھے لیکن اس کے باوجود درندگی کا مظاہرہ کیا گیا، انھوں نے کہا کہ آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کا مقصد پری پول رگنگ ہے، انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی تیاری کی جارہی ہے، الیکشن سے قبل مخالفین کو قتل کیا جارہا ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت بھی ایک سیاسی جماعت کے آگے بے بس ہے، ہم چیف الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی کے منصوبوں کا نوٹس لیا جائے، ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کو درست کیا جائے۔