منگھو پیر میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن بم بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی70 گرفتار

ایمپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس، بال بیئرنگ، بیڈیٹونیٹرز ،موبائل فونز بمع سمز،موٹر سائیکلیں اور70 اقسام کے ہتھیار برآمد۔


Staff Reporter December 02, 2012
منگھوپیر سلطان آباد میں رینجرز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔(فوٹو ایکسپریس)

منگھوپیر میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران بم بنانے والی فیکٹری سے بھاری مقدار میں آئی ای ڈی ڈیوائسز ، ڈیٹو نیٹر ، کیمیکل ، بم بنانے کا دیگر سامان اسلحہ، اہم دستاویزات اور دیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جبکہ سرچ آپریشن کے دوران70 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جن میں سے10سے زائدکالعدم تنظیموں کے کارندوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق منگھوپیر سلطان آباد میں رینجرز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔

m3

آپریشن علی الصبح شروع کیا گیا جس میں 2 ہزار سے زائد رینجرز اہلکاروں سمیت سی آئی ڈی انسداد دہشت گردی سیل نے بھی حصہ لیا جبکہ آپریشن میں رینجرز کی خواتین اہلکار بھی شریک تھیں، آپریشن کے دوران علاقے کا مکمل طور محاصرہ اور ناکہ بندی کردی گئی تھی اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بندکرکے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔

m4

جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی ، ذرائع کے مطابق 6 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے دوران 70 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا، تاہم بیشتر افراد کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا گیا،آپریشن کے دوران کرمنل ریکارڈ رکھنے والے 40 سے زائد افراد کو پولیس کے حوالے کیا گیا جبکہ حراست میں لیے جانے والے 10 سے زائد کالعدم تنظیم کے کارندوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

حراست میں لیے جانے والے 10ملزمان میں کا لعدم تنظیم تحریک طالبان قاری شکیل گروپ کے 4 کارندے راغا مجاہد، قاری شاہد،گل ضمیر ،گل جنت اور لشکر جھنگوی کے2کارندے کامران عرف کاکی اور مراد شاہ عرف مرادو بھی شامل ہیں۔

m5

رینجرز ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران سلطان آباد کے علاقے سے بم دھماکوں کیلیے ایمپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) بنانے والی فیکٹری بھی پکڑی گئی ہے اور فیکٹری سے بڑی مقدار میں بال بیئرنگ، بیٹریاں، سرکٹ بمع ڈیٹونیٹرز ،موبائل فونز بمع سمز،موٹر سائیکلیں، بم بنانے میں استعمال ہونے والے کیمیکلز ایلمونیم پائوڈر ، ایمیونیم نائٹریٹ ،نائٹرک ایسڈ کنسنٹریٹڈ اور70 مختلف اقسام کے ہتھیار بمع گولیاں برآمد کیے گئے ہیں۔

برآمد کیا جانے والا سامان شہر میں گذشتہ دنوں محرم الحرام میں ہونے والے بم دھماکوں میں استعمال ہونے والی اشیا سے مماثلت رکھتا ہے، رینجرز کے مطابق سلطان آباد کے علاقے میں کیا جانے والا آپریشن جمعے کو کواری کا لونی میں کیے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشن کی کڑی ہے اور مستقبل میں ایسے کامیاب آپریشن شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کیے جائیں گے۔