عمران خان کی پریس کانفرنس میں شور مچانے والی خاتون سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات

محکمہ تعلیم کی افسرعذرا آفریدی کو دسمبر2015 میں کئی ماہ سے غیر حاضری پر نوٹس جاری کیا گیا۔


ویب ڈیسک August 04, 2016
محکمہ تعلیم کی افسرعذرا آفریدی کو دسمبر2015 میں کئی ماہ سے غیر حاضری پر نوٹس جاری کیا گیا۔ فوٹو:ایکسپریس

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران گزشتہ روز ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز نے عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران شور مچانے والی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ایجوکیشن آفیسر عذرا آفریدی سے متعلق دستاویزی ریکارڈ حاصل کرلیا ہے جس کے مطابق عذرا آفریدی کو دسمبر 2015 میں کئی ماہ سے غیر حاضری پر نوٹس جاری کیا گیا اور ان کے خلاف اخبارات میں غیر حاضری کے نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران خاتون کا احتجاج

عذرا آفریدی کے خلاف اخبارات میں نوٹس جاری ہوا تو وہ وزیرتعلیم عاطف خان کی تقریب میں پہنچ گئیں اور انہوں نے ان کے ساتھ بھی وہی کیا جو کل عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران ہوا جب کہ عذرا آفریدی کے خلاف سیکرٹری تعلیم کے آفس میں ہنگامہ آرائی پر بھی محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزعمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران عذرا آفریدی نے احتجاج کرنا شروع کردیا، ابتدا میں عمران خان نے خاتون کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکیں جس پر تحریک انصاف کے دیگر رہ نما خاتون کو سمجھاتے رہے لیکن وہ بضد رہی اور عمران خان پریس کانفرنس چھوڑ کرچلے گئے۔

مقبول خبریں