بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا بیان خوش آئند ہے پاکستان کرکٹ بورڈ

کرکٹ کی بحالی سے قومی سطح پر تعلقات میں مزید بہتری کیلیے راہیں بھی کھلیں گی.


Sports Reporter December 03, 2012
بورڈ کے مطابق باہمی سیریز کے انعقاد سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا.فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے اس بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے جس میں انھوں نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی سطح پر اچھے تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 5 سال بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات بحال ہونے جا رہے ہیں۔ بورڈ کے مطابق باہمی سیریز کے انعقاد سے نہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا بلکہ خطے میں امن بھائی چارہ اور یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ بورڈ کے مطابق کھلاڑی ہر ملک کے سفیر ہوتے ہیں، کرکٹ کی بحالی سے قومی سطح پر تعلقات میں مزید بہتری کیلیے راہیں بھی کھلیں گی ۔

بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی مستقبل میں دونوں ملکوں کے مابین کرکٹ کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کروانے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ لوگوں کو تفریح اور خطے میں امن کا پیغام عام کرنے کے مواقع میسر آ سکیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں نہ صرف بھارت بلکہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بھی نمایاں بہتری آ رہی ہے۔