قومی ٹی 20 کوئٹہ بیئرز پر شعیب ملک کا جادو چل گیا

آل رائونڈ پرفارمنس دیکر سیالکوٹ اسٹالینز کو 72رنز سے فتحیاب کرادیا


Sports Reporter December 03, 2012
شعیب ملک کی آل رائونڈ کارکردگی کے سبب سیالکوٹ اسٹالینز نے 72 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: قومی ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ میں کراچی ڈولفنز سخت جدو جہد کے باوجود رنز کے سیلاب میں ڈوب گئے۔

خرم منظور کی ففٹی بیکا ر گئی، عمر امین بابر نعیم کی جارحانہ اننگز نے راولپنڈی ریمزکو5 رنز سے فتح دلادی، شاہد آفریدی بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی ناکام رہے، کوئٹہ بیئرز کیخلاف شعیب ملک کا جادو چل گیا، ان کی آل رائونڈ کارکردگی کے سبب سیالکوٹ اسٹالینز نے 72 رنز سے کامیابی حاصل کرلی،کپتان51 رنز بنانے کے بعد 4 وکٹیں بھی لے اڑے، کامران اکمل کی نصف سنچری اور محمد حفیظ کے 4 شکار لاہور لائنز کو ایبٹ آباد فالکنز کے مقابل 30 رنز سے فتحیاب کرا گئے، لواسکورنگ میچ میں فرح شہزاد کے47 رنزکی بدولت فیصل آباد وولفز نے لاہور ایگلز کو 5 وکٹ سے ہرادیا۔

مصباح الحق 14، اظہر علی15 رنز تک محدود رہے، بہاولپور اسٹیگز نے پشاور پینتھرز کو 29 رنز سے زیر کرلیا،کراچی زیبراز نے اسلام آباد لیپرڈز کو 4 رنز سے مات دیدی۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں راولپنڈی ریمزنے5 وکٹ پر 188رنز بنائے، عمر امین نے 31 گیندوں پر 52، بابر نعیم نے 23 پر 44 رنز کی اننگز کھیلی، نوید ملک نے 39 رنز بنائے، شاہد آفریدی نے 49 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی، تنویر احمد نے 2، محمد سمیع نے ایک شکار کیا۔

جواب میں کراچی ڈولفنز کی اننگز 7 وکٹ پر 183 رنز تک محدود رہی، خرم منظور کی ففٹی بیکار گئی، فواد عالم نے ناقابل شکست 40 رنز اسکور کیے، شاہد آفریدی صرف 3 رنز بناسکے۔یاسر عرفات اور حماد اعظم نے 2،2، سہیل تنویر ، محمد رمیز اور عمر امین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ایل سی سی اے گرائونڈ میں سیالکوٹ اسٹالینز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے، ابتدائی 3 وکٹیں جلد گر جانے کے بعد شعیب ملک نے 6 چوکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی، شاہد یوسف نے 28 رنز بنائے، عمران نذیر 18 کے ساتھ تیسرے نمایاں اسکورر رہے، نذر حسین نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، جوابی اننگزمیں کوئٹہ بیئرز 77 پر ہمت ہارگئے، شعیب ملک نے صرف 13 رنز دیکر 4 کو پویلین کی راہ دکھائی، رانا نوید الحسن، عمید آصف اور شاہد یوسف نے 2،2 وکٹیں آپس میں بانٹ لیں۔

01

باغ جناح گرائونڈ میں لاہور لائنز نے 186 رنز جوڑے، کامران اکمل نے 9 چوکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 59 رنز بنائے، ناصر جمشید 39' احمد شہزاد 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمر اکمل 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، عبدالرزاق 13 پر ناقابل شکست رہے، احمد جمال نے 2 وکٹیں لیں، جنید خان 35 رنز دینے کے باوجود کسی کھلاڑی کو آئوٹ نہیں کرپائے۔ ایبٹ آباد فالکنز کی اننگز 6 وکٹوں پر 156 رنز تک محدود رہی، یونس خان 47 رنز پر محمد حفیظ کا شکار بنے، یاسر حمید نے 45 بنائے، میر اعظم 29 کے ساتھ نمایاں رہے، محمد حفیظ نے 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔قذافی اسٹیڈیم میں لاہور ایگلز کی پوری ٹیم 103 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

گزشتہ میچ کے سنچری میکر عمران فرحت 20 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے، توفیق عمر صفر پر آئوٹ ہوئے، اظہر علی نے 15 رنز بنائے، اسد علی نے 3، سعید اجمل، خرم شہزاد اور عمران خالد 2،2 وکٹیں لے اڑے۔ فیصل آباد وولفز نے ڈیبیو کرنے والے فرخ شہزاد کے 47 رنز کی بدولت ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا' کپتان مصباح الحق 30 گیندوں پر 14 رنز بنا پائے۔ محمد خلیل اور رضا علی ڈار نے 2،2 وکٹیں لیں۔

باغ جناح گرائونڈ میں بہاولپور اسٹیگز 19 اوورز میں 134 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی، کپتان بلال خلجی 33، عثمان طارق 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، وقار احمد، عمران خان، عزیر اللہ نے 2،2 پلیئرز کو پویلین واپس لوٹایا، پشاور پینتھرز کی اننگز 105 سے آگے نہ بڑھ پائی، محمد رضوان 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے،کاشف صدیق 3، عمران اللہ اسلم اور فیصل الٰہی 2، 2 وکٹیں لینے میں سرخرو ہوئے، ایل سی سی اے گرائونڈ میں کراچی زیبراز نے 8 وکٹ پر 121 جوڑے، فیصل اقبال نے 26 رنز بنائے، کوئی اور بیٹسمین 20 سے آگے نہ بڑھ سکا، افتخار انجم نے 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، عمر گل 32 رنز دے کر کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکے۔ اسلام آباد لیپرڈز ٹیم سخت کوشش کے باوجود 9 وکٹوں پر 117 رنز بنا پائی، عماد وسیم 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تابش خان اور حارث ایاز نے 2،2، رومان رئیس، عدیل ملک اور فراز احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔