الخدمت کے زیر اہتمام والنٹیئرٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

نوجوانوں کو فائر فائٹنگ، فوری طبی امداداوردیگر ریسکیوسے متعلق لیکچر دیے گئے


Numainda Express December 05, 2012
فاونڈیشن کے ضلعی صدر مسعود علی خان نے کہا کہ الخدمت کا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے رضائے الہی کا حصول ہے۔ فوٹو: فائل

الخدمت فاونڈیشن ضلع حیدرآباد کے زیر اہتمام والینٹیئر ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سول ڈیفنس اور ریڈ کریسنٹ کراچی کے سینیئر انسٹرکٹرز نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ نوجوانوں کو ملٹی میڈیا اور وائٹ بورڈ کے ذریعے فائر فائٹنگ، فوری طبی امداد، ریسکیو اور شہری دفاع سے متعلق امور کا عملی مظاہرہ کر کے لیکچر دیئے، جس میں نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پرفاونڈیشن کے ضلعی صدر مسعود علی خان نے کہا کہ الخدمت کا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے رضائے الہی کا حصول ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کی توجہ تخریبی سرگرمیوں سے ہٹا کر انہیں فلاحی اور سماجی خدمت میں مصروف کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ الخدمت آئندہ بھی نوجوانوں کی سرگرمیوں کے پروگرامات تشکیل دے گی اور انہیں ریسکو ون ون ٹو ٹو، تیراکی اور دیگر ٹریننگ کا اہتمام کرے گی۔ الخدمت کے جنرل سیکرٹری اے کے یوسف زئی اور چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی سید ناصر علی کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کا مقصد قدرتی و ناگہانی آفات کے موقع پر مصیبت زدہ لوگوں کی زلزلہ، بارش سیلاب، آتشزدگی اور وبائی امراض سے بچاو کے لیے متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنا ہے۔

ٹریننگ کے اختتام پر الخدمت کے سیکرٹری فنانس عبدالرحمن، فیصل رضوان، سیف اللہ خالد اور راو مسعود علی خان نے ٹریننگ کرنے والوں سے حلف لیا کہ وہ اللہ اور رسول پاک ﷺ کی تعلیمات کے مطابق دکھی انسانیت کی رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر خدمت کرینگے۔