عزیز بھٹی تھانے کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ

علاقے میں خوف ہراس، ملزمان کے فرار ہونے کے بعد پولیس تھانے سے نکلی


Staff Reporter December 05, 2012
فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا. فوٹو : فائل

SRINAGAR: عزیز بھٹی تھانے کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے خوف ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا ، ملزمان کے فرار ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری تھانے سے باہر نکل آئی تاہم ملزمان فرار ہو چکے تھے، پولیس نے ملزمان کے تعاقب کی بھی کوشش نہ کی ، فائرنگ کے نتیجے میں اسٹیڈیم روڈ پر کار سواروں میں خوف ہراس پھیل گیا جس کے باعث گاڑیاں بے قابو ہو کر ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنیوالے2 موٹر سائیکلوں پر4ملزمان تھے جو خوف ہراس پھیلانے کے لیے تھانے پر فائرنگ کرتےہوئے فرار ہو گئے، فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، پیر اور منگل کی درمیانی شب پولیس نے گینگ وار کے ملزمان کی گرفتاری کیلیے شانتی نگر ٹارگٹ آپریشن کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران3افراد کو حراست میں لیا تھا ۔

فائرنگ کا واقعہ اسی کا رد عمل ہے جبکہ ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کرنیوالے موٹر سائیکل سوار ملزمان ایک کار کا تعاقب کر رہے تھے اور عزیز بھٹی تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر واقع شادی ہال کے سامنے ملزمان نے کار پر فائرنگ کی تاہم کار سوار انتہائی مہارت سے گاڑی دیگر کاروں کے درمیان سے بھگاتا ہوا نکل گیا۔