وزیراعظم نوازشریف نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

89 کلو میٹر طویل موٹر وے پر 43 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا۔


ویب ڈیسک August 22, 2016
منصوبہ ایف ڈبلیو او کے تعاون سے 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔ فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم نواز شریف نے 89 کلو میٹر طویل لاہور سیالکوٹ موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔



وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ میں 89 کلو میٹر طویل لاہور سیالکوٹ موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھا، لاہور سیالکوٹ موٹر وے اقتصادی سرکاری اورنجی شعبے کے اشتراک سے تعمیر کی جائے گی، موٹر وے کی تعمیر پر 43 ارب 85 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور منصوبہ 2 سال میں مکمل ہوگا۔



لاہور سیالکوٹ موٹر وے لاہور بائی پاس سے شروع ہو کر سیالکوٹ کے مغرب تک جائے گی، موٹروے کو کالا شاہ کاکو کے قریب ایم ٹو سے ملایا جائے گا، منصوبے میں 6 انٹرچینج اور 2 سروس ایریا بنائے جائیں گے جب کہ ایف ڈبلیو او کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔



موٹروے كا سنگ بنیاد ركھنے كے بعد جلسہ عام سے خطاب كرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے كہا كہ ہمیں لوگوں نے ترقی اور خوشحالی كا مینڈیٹ دیا ہے اور كچھ لوگ بغیر وجہ سڑكوں پر احتجاج كر رہے ہیں۔ انہوں نے مخالفین كو پیشكش كی كہ آؤ ملك میں ترقی میں ہمارا ہاتھ بٹاؤ، آپ كدھر جا رہے ہیں ہم ملك میں ترقی اور لوگوں كا روز گار چاہتے ہیں ، آپ ہماری ٹانگیں كھینچ رہے ہیں جو ہم كبھی نہیں ہونے دیں گے، اب تو ٹی وی پر آ كر كہتے ہیں كہ اگر نواز شریف كو 2 سال اور مل گئے تو 2018 میں بھی یہ حكومت بنا لے گا لہٰذا اسے 2 سال نہ دو لیكن ہم تو جنون كی بجائے سكون كی سیاست كر رہے ہیں۔



وزیراعظم نے كہا كہ ہم تو ملك سے اندھیرے دور كررہے ہیں، اب 18,16 گھنٹے كی لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی، بہت كم ہو گئی ہے اور صنعتوں كو مكمل لوڈشیڈنگ فری كردیا گیا ہے، ہم 2018 میں لوڈشیڈنگ كا خاتمہ كر دیں گے۔ انہوں نے كہا كہ اس وقت این ایچ اے ملك میں سڑكوں كی تعمیر پر 800 ارب روپے كے منصوبے مكمل كر رہا ہے، آنے والے دنوں میں قصور، سیالكوٹ، جھنگ، كراچی پورٹ قاسم، اینگرو كے منصوبے مكمل ہو رہے ہیں، داسو ڈیم كا سنگ بنیاد ستمبر یا اكتوبر میں ركھ دیا جائے گا، بھاشا ڈیم پر بھ یہم تیزی سے حكمت عملی طے كر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ كنٹینر والے بار بار كے مظاہروں سے عوامی ہمدردی حاصل نہیں كر سكتے، انہیں سڑكوں پر رہنا ہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ نے سڑكیں بنانے كا مینڈیٹ دیا ہے۔

مقبول خبریں