ٹوئنٹی 20 کے بجھتے دیے ایک بار پھر جگمگانے لگے یونس اور مصباح کی میچ وننگ اننگز

بہترین پلیئرز کے ایوارڈز حاصل کیے،لاہور لائنز نے مسلسل پانچویں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا


Sports Reporter December 06, 2012
لاہور: قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں راولپنڈی ریمز کے سہیل تنویر کا سوئپ شاٹ، حیدرآباد ہاکس کیخلاف انھوں نے 43 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: ایکسپریس

ٹوئنٹی 20 کرکٹ کے بجھتے دیے ایک بار پھر جگمگانے لگے، قومی ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز سابق کپتان یونس خان اور مصباح الحق دونوں نے میچ وننگ اننگز کھیل کر بہترین پلیئرز کے ایوارڈز حاصل کر لیے۔

لاہور لائنز نے مسلسل پانچویں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا،بہاولپور اسٹیگز اور فیصل آباد وولفز کی فتوحات کا سلسلہ بھی برقرار رہا،دونوں ٹیمیں چوتھا میچ جیت کر فائنل فور کے قریب پہنچ گئیں،چوتھی ٹیم کیلیے ایبٹ آباد فالکنز اور سیالکوٹ اسٹالینز کے درمیان مقابلہ جاری ہے، دونوں نے4،4 میچز میں6،6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ گزشتہ روزبھی جاری رہا، فیصل آباد وولفز نے پشاور پینتھرز کو 7 وکٹ سے زیر کیا، قذافی اسٹیڈیم میں پشاور کی اننگز4 وکٹ پر135 رنز تک محدود رہی، اسرار اللہ نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شعیب خان نے24 رنز بنائے، فیصل آباد نے ہدف3وکٹ پرحاصل کر لیا، میچ کے بہترین پلیئر مصباح الحق نے ناقابل شکست43 اورعمران خالد نے36 رنز بنائے۔ ایل سی سی اے گرائونڈ میں ایبٹ آباد نے کراچی زیبراز کو 5وکٹ سے قابوکیا،کراچی کی ٹیم 135رنز پر آئوٹ ہو گئی، شہر یار غنی 33 اور دانیال احسان 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،خالد عثمان نے 3 اورامجد وقاص نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد نے ہدف5وکٹ پر پورا کر لیا، مین آف دی میچ یونس خان نے ناقابل شکست48اورحماد علی نے35 رنز بنائے، حارث ایاز نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ لاہور لائنز نے پانچ میچز میں ناقابل شکست رہ کر10پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا،کوئٹہ بیئرز44 رنز سے ناکام رہی، قذافی اسٹیڈیم میں فاتح ٹیم نے9 وکٹ پر 130 رنز بنائے، ناصر جمشید 26، کامران اکمل 23 اور احمد شہزاد20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محب اللہ نے3 اور ارون لال نے2 وکٹیں حاصل کیں،کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں7 وکٹ پر86 رنز تک محدود رہی،میر واعظ نے سب سے زیادہ16رنز بنائے۔

01

ملتان ٹائیگرز نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز کو 42 رنز سے اپ سیٹ شکست دے کرفائنل فور میں شمولیت دشوار بنا دی، اسٹالینز کو جمعرات کے روز شیڈول میچ میں ایبٹ آباد فالکنز کو زیر کرنا ضروری ہوگا، باغ جناح میں ملتان ٹائیگرز نے6 وکٹ پر155 رنز بنائے، صہیب مقصود نے 38 اور نوید یاسین نے 34 رنز بنائے،عدیل ملک نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سیالکوٹ کی ٹیم7 وکٹ پر113 رنز ہی بنا سکی، نیئر عباس نے 43 اور شعیب ملک نے24رنز بنائے، ذوالفقار بابر نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بہاولپور اسٹیگزکا نیا شکارلاہور ایگلز کی ٹیم بنی جسے 8 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،ایل سی سی اے گرائونڈ میں میزبان نے7 وکٹ پر 136 رنز بنائے،توفیق عمر نے53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، رضا علی ڈار نے43رنز بنائے، کامران حسین، محمد طلحہ اور عطاء اللہ نے2،2 وکٹیں لیں، بہاولپور اسٹیگز نے ہدف 17.1 اوورز میں صرف 2وکٹ پرحاصل کر لیا، عمران اسلم نے 60 اور کاشف صدیق نے ناقابل شکست 39 رنز بنائے۔

راولپنڈی ریمنز نے حیدر آباد ہاکس کو 19 رنز سے ہرایا، فاتح ٹیم نے 6 وکٹ پر170 رنز بنائے، شعیب احمد ناقابل شکست 50 ،سہیل تنویر43 اور عمر امین33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،لال کمار نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، حیدر آباد کی ٹیم 4 وکٹ پر 158 رنز بنا سکے، عقیل انجم نے75 رنز بنائے،رضوان احمد نے 25 اور عظیم گھمن نے 21 رنز اسکور کیے،اویس ضیا نے2 وکٹیں حاصل کیں۔