اساتذہ کی بھرتیاں تحریری ٹیسٹ اضلاع اور تحصیل کی سطح پر کرانے کا فیصلہ

پرائمری اسکول ٹیچرز کی اسامیوں کیلیے ٹیسٹ 7جنوری کوہوگا۔


Staff Reporter December 07, 2012
ہائرسیکنڈری اسکول ٹیچر(ایچ ایس ٹی) کی بھرتیوں کیلیے تحریری ٹیسٹ ضلعی سطح پرمنعقد ہونگے. فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ تعلیم نے ماضی کے برعکس سندھ میں اسکول اساتذہ کی اسامیوں پربھرتیوں کیلیے تحریری ٹیسٹ مرکزی سطح کے بجائے اب ضلعوں اورتحصیل کی سطح پرمنعقدکرانے کافیصلہ کیاہے۔

ایچ ایس ٹی ،پی ایس ٹی اورجے ایس ٹی کے تحریری ٹیسٹ میں مجموعی طور پر5لاکھ سے زائد امیدوارشریک ہونگے، محکمہ تعلیم کی جانب سے بھرتیوں کیلیے تحریری ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے تحت تین مراحل میں لیے جائینگے، پرائمری اسکول ٹیچرزاور جونیئراسکول ٹیچرز کے تحریری ٹیسٹ کیلیے امتحانی مراکز تحصیلوں کی سطح پرقائم کیے جائینگے۔

ہائرسیکنڈری اسکول ٹیچر(ایچ ایس ٹی) کی بھرتیوں کیلیے تحریری ٹیسٹ ضلعی سطح پرمنعقد ہونگے، ریفارم سپورٹ یونٹ کے ڈائریکٹرپرویز سیہڑنے بتایاکہ ایچ ایس ٹی کے تحریری ٹیسٹ کیلیے اضلاع میں 4امتحانی مراکز قائم ہونگے، واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کے تحت اسکول اساتذہ کی کل 19ہزار اسامیوں کیلیے پی ایس ٹی کیلیے ساڑھے 3لاکھ، جے ایس ٹی کیلیے ڈیڑھ لاکھ اورایچ ایس ٹی کیلیے 20ہزا ر امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، سندھ بھر میں19 ہزار اساتذہ کی اسامیوں کیلیے ٹیسٹ 23 دسمبر، ہائی اسکول ٹیچرز(ایچ ایس ٹی) کی اسامیوں کیلیے ٹیسٹ23 دسمبر کوہوگا، جبکہ جونیئر اسکول ٹیچرز کی اسامیوں کیلیے ٹیسٹ 29 اور 30 دسمبر کو لیاجائے گا، پرائمری اسکول ٹیچرز کی اسامیوں کیلیے ٹیسٹ 7جنوری کوہوگا۔