دورہ بھارت پاکستانی ٹیم کیلیے ہوٹلز کے مکمل فلورز مختص ہونگے

وفد کے جائزہ ٹور میں بی سی سی آئی اینٹی کرپشن بیورو کے سربراہ روی سوانی بھی ساتھ رہے


Saleem Khaliq December 07, 2012
پلیئرز کو مہمانوں سے ملاقات کیلیے نیچے لابی میں جانا پڑے گا۔ فوٹو: فائل

دورہ بھارت میں پاکستانی ٹیم کیلیے ہوٹلز کے مکمل فلورز مختص کیے جائیں گے۔

اس کا مقصد مہمانوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے ساتھ مشکوک افراد کودور رکھنا ہے،وفد کے جائزہ ٹور میں بی سی سی آئی اینٹی کرپشن بیورو کے سربراہ روی سوانی بھی ساتھ رہے،ارکان نے پانچوں وینیوز میں سہولیات اور سیکیورٹی کا جائزہ لے لیا،ہوٹلز میں جم، سوئمنگ پول، کمرے، ڈائنگ ایریا، آمدورفت کے راستے دیکھے گئے، اب ہفتے کو لاہور واپسی سے قبل پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات طے ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے دورے میں مہمان کرکٹرزکی بہترین سیکیورٹی بھارت کیلیے بڑا چیلنج ہے،اسی کے ساتھ مشکوک قسم کے افراد کو بھی پلیئرز سے دور رکھنا ہوگا، یو اے ای کی طرح بھارت میں بھی پاکستانی ٹیم جس ہوٹل میں قیام کرے گی اس کا مکمل فلور اسی کیلیے مختص ہوگا، کسی کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پلیئرز کو مہمانوں سے ملاقات کیلیے نیچے لابی میں جانا پڑے گا، بھارت کرکٹ میں غیرقانونی سٹے بازی کا گڑھ ہے،آئی پی ایل کے دوران بھی کئی تنازعات پیش آ چکے۔

01

دوسری جانب پاکستان کے بھی کئی کرکٹرز کرپشن میں ملوث رہے ہیں،کسی مسئلے سے بچنے کیلیے دونوں بورڈز ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، پاکستانی وفد نے گذشتہ دنوں پانچوں میزبان شہروں کے دورے کیے، اس دوران بی سی سی آئی اینٹی کرپشن بیورو کے چیف روی سوانی بھی ساتھ تھے، وہ آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے بھی سربراہ رہ چکے ہیں، ذرائع کے مطابق سوانی خاموشی سے تمام معاملات کا جائزہ لیتے رہے،بھارتی بورڈ کے جی ایم گیم ڈیولپمنٹ آر ایس شیٹھی اور منیجر کرکٹ آپریشنز سورو نائک بھی پاکستانی مہمانوں کے ساتھ رہے جنھوں نے جمعرات کو دہلی میں بھی سہولتوں کا جائزہ مکمل کرلیا۔

ارکان اسی ہوٹل آئی ٹی سی موریا میں قیام پذیر ہیں جہاں ٹیم بھی ٹھہرے گی، جمعے کو وفد کی کوئی خاص مصروفیت طے نہیں جبکہ ہفتے کے روز پاکستانی ہائی کمشنر سے میٹنگ ہو گی، اس موقع پر پاکستانی شائقین کی آمد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، اسی شام لاہور واپسی طے ہے۔