نیشنل گیمز انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس

پاکستان آرمی اور نیوی کے نمائندوں کی جانب سے مقابلوں کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار


Sports Reporter December 07, 2012
پاکستان آرمی اور نیوی کے نمائندوں کی جانب سے مقابلوں کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار۔ فوٹو فائل

پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کا اجلاس گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں کھیلوں کی تنظیموں سمیت اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

32 ویں نیشنل گیمز کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی نمائندگی سیکرٹری خالد محمود نے کی،اس موقع پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے تمام عہدیداران سے تجاویز حاصل کی گئیں، پاکستان آرمی اور نیوی کے نمائندوں کی جانب سے گیمز کے انعقاد پر تحفظات پیش کیے گئے جس پر آرگنائزنگ سیکریٹری ادریس حیدر خواجہ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

1

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گیمز اپنے مقررہ وقت پر پنجاب حکومت کے تعاون سے ہوں گے جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مہمان ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے حکومت نے یقین دہانی کرا دی ہے،افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ہونگے۔

جبکہ اختتامی تقریب پر بھی کسی اہم شخصیت کو دعوت دی جائے گی۔ اس موقع پر سیکریٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود نے کہاکہ نیشنل گیمز کرانا ہمارے فرائض میں شامل ہے، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن اس کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہی ہے، پی او اے گیمز کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی،اگر مالی امداد کی بھی ضرورت ہوگی تو اس میں بھی پی او اے آگے ہوگی، انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ منعقد ہونے والے نیشنل گیمز یاد گار ثابت ہوں گے۔