دھابیجی میں نیا واٹر پمپنگ اسٹیشن قائم ہوگا ایم ڈی واٹربورڈ

مصباح فرید کا دھابیجی کا ہنگامی دورہ،حکومت نے ایک ارب سے زائد کا فنڈ منظورکرلیا


Staff Reporter December 07, 2012
مصباح فرید کا دھابیجی کا ہنگامی دورہ،حکومت نے ایک ارب سے زائد کا فنڈ منظورکرلیا فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس ، فائل

کراچی کو یومیہ 55کروڑ گیلن پانی فراہم کرنے والے دھابیجی واٹر پمپنگ اسٹیشن کی استعداد کار بڑھانے کیلیے ایک ارب سے زائد لاگت کے منصوبے کا آغاز رواں ماہ میںکیا جا رہا ہے توقع ہے کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد رکھیں گے۔

یہ بات کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصبا ح الدین فرید نے دھابیجی ، گھارو ، پپری پمپنگ اسٹیشنوں کے ہنگاہی دورے کے موقع پر کہی ،چیف انجینئر مکینکل اینڈ الیکٹریکل سید ظہیر عباس اور واٹر بورڈ کے سینئر افسران ان کے ہمراہ تھے چیف انجینئر ظہیر عباس نے ایم ڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 6 فیز ہیں جہاں سے یومیہ 55کروڑ گیلن پانی کراچی سپلائی کیا جا رہا ہے متعدد پمپ اور موٹریں اپنی مدت مکمل کر چکی ہیں جس کے باعث آئے دن ان کی مرمت پر خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے اکثر موٹروں اور پمپوں کی مرمت اب بھی درکار ہے۔

جس کے باعث پانی کی فراہمی کے عمل میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ حکومت نے ہماری ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے دھابیجی پر نئے پمپنگ اسٹیشن کے قیام کے لیے ایک ارب سے زائد کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے جہاں مزید 5 پمپ نصب کیے جائیں گے جب کہ دیگر پمپوں اور موٹروں کی مرمت کے لیے واٹر بورڈ کے یو ایس ایڈ پروگرام کے نمائندوں سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔