مکین دہشت گردوں کےرحم و کرم پرعزیزبھٹی پولیس نےاپنی حفاظت کیلئے تھانےکےسامنےمورچے بنادیے

تھانے کے گیٹ پربیریئر بھی مبینہ طور پر مکینوں اور جرائم پیشہ عناصر کی مالی مدد سے لگائے گئ.


Staff Reporter December 08, 2012
عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن کے سامنے حفاظتی اقدامات کے تحت لگائے گئے بیریئر اور بوریوں سے تعمیر کیا جانے والا پولیس مورچہ۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: عزیز بھٹی پولیس نے علاقہ مکینوں کو دہشت گردوں اور لٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کو خود کی حفاظت کے لیے تھانے کے سامنے بوریوں کے مورچے اور بھاری بھر کم بیریئر لگا لیے۔

آہنی پائپوں سے بنائے گئے بیریئر بھی مبینہ طور پر علاقہ مکینوں اور جرائم پیشہ عناصر سے مالی مدد حاصل کر کے لگائے گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی خوفزدہ پولیس نے علاقہ مکینوں اور دکانداروں کی جان و مال کا تحفظ کرنے کے بجائے اپنی حفاظت میں سرگرم ہے اور اس سلسلے میں عزیز بھٹی تھانے کے مرکزی گیٹ کے باہر آہنی پائپوں سے بنائے گئے بھاری بھرکم بیریئر کے علاوہ تھانے کی چھت اور فٹ پاتھ پر بجری کی بوریوں سے مورچے بنالیے ہیں جبکہ اس سے قبل دہشت گردی کے خطرات کو جواز بنا کر تھانے کی طرف جانیوالی سروس روڈ کو بھی پولیس پہلے ہی ٹریفک کے لیے بند کرچکی ہے.

01

ذرائع نے بتایا کہ کئی سالوں سے عزیز بھٹی تھانے میں تعینات ہیڈ محرر حنیف سیال نے بیریئر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ڈالمیا کے علاقے شانتی نگر میں قائم جوئے اور منشیات کے اڈے چلانے والوں سے جھولی پھیلا پھیلا کر ان سے مالی مدد مانگی جبکہ علاقے میں رہائش پذیر صاحب حیثیت ، پتھارے داروں اور دکانداروں سے بھی مالی تعاون حاصل کیا جس میں انھیں بیریئر لگانے کے بعد بھی اچھا خاصا مالی فائدہ بھی پہنچا.

ذرائع کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کے سامنے چند روز قبل موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی جس سے خوفزدہ ہو کر پولیس نے ہنگامی بنیادوں پر اپنی حفاظت کا فوری انتظام کرتے ہوئے بھاری بھر کم آہنی بیریئر لگالیے ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم ، ہائوس رابری اور قتل و غارت گری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے نہ صرف مکینوں کو بلکہ کاروباری حضرات کو بھی شدید خوف و ہراس میں مبتلا کیا ہوا ہے اور پولیس ہمیں تحفظ دینے کے بجائے خود اپنے تحفظ میں لگی ہوئی ہے ۔