انڈر 19 کرکٹ پورٹ قاسم نے بہاولپور کو اننگز سے قابو کرلیا

زرعی بینک کیخلاف لاہور شالیمار پہلی اننگز میں 155 پر آئوٹ، عرفان اللہ کی 6 وکٹیں


Sports Reporter December 08, 2012
میچ کے امپائرز محمد آصف اورناصر خان جبکہ ریفری کے فرائض امیر الدین نے سرانجام دیے۔ فوٹو: فائل

انٹرریجن، ڈپارٹمنٹل انڈر 19 سہ روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پورٹ قاسم نے بہاولپور ریجن کو اننگز اور 49 رنز سے قابوکرلیا، لاہور شالیمار کی ٹیم زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف155 پر ڈھیر ہوگئی۔

عرفان اللہ نے6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں پورٹ قاسم نے پہلی اننگز میں بہاولپور کو 72 پر ٹھکانے لگانے کے بعد294 رنز بنائے، ناکام ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے دوسری باری میں222 رنز درکار تھے لیکن وہ 173 پر ہمت ہارگئی،عثمان علی 61 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

1

زین اللہ نے 4،ارشد خان نے 3 اور خرم شہزاد نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، میچ کے امپائرز محمد آصف اورناصر خان جبکہ ریفری کے فرائض امیر الدین نے سرانجام دیے۔ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں لاہور شالیمار کی ٹیم زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 155 رنز ہی بنا سکی، عرفان اللہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا، اویس منیر اور ظفر گوہر نے2،2 وکٹیں لیں، وارث خان 40 اور ارسلان باجوہ نے36 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی۔

زرعی بینک نے دوسرے روز کھیل کے خاتمے تک دوسری اننگزمیں4 وکٹ پر60 رنز بنا لیے تھے، سمیع الرحمان نے21 رنز اسکور کیے، میچ کے امپائرز اسلام خان اور شمیم انصاری جبکہ ریفری ضیغم بھٹی ہیں۔