لاہورلائنز نے سیالکوٹ اسٹالینز کو گھر کا راستہ دکھا دیا

ملتان کی قومی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی، ایبٹ آباد نے ٹائی میچ کے بعد سپر اوور میں کوئٹہ بیئرز کو مات دی


Sports Reporter December 08, 2012
قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ: لاہور لائنز کے حفیظ زور دار شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، انھوں نے سیالکوٹ اسٹالینز کیخلاف نصف سنچری بنا کر ٹیم کی 5 وکٹ سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ (فوٹو: ایکسپریس)

لاہور: قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینزکو مات دے کر گھر کا راستہ دکھا دیا، اسلام آباد لیپرڈز کو ہرانے والے ملتان ٹائیگرز نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، پول بی میں فیصل آباد وولفز نے بہاولپور اسٹیگز کو زیر کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن کے ساتھ ٹائٹل کی طرف پیش قدمی جاری رکھی۔

فیصلہ کن مرحلے تک رسائی کیلیے ہفتے کے روز لائنز کو اسٹیگز کا شکار کرنا ہوگا، وولفز کو ٹائیگرز کے دانت کھٹے کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ تفصیلات کے مطابق پول اے میں لاہور لائنز نے سیالکوٹ اسٹالینز کو 5 وکٹ سے ہرادیا،ناکام سائیڈ نے 5 وکٹ پر 160 رنز بنائے، رانا نوید 63رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، شعیب ملک نے24اور عمران نذیر نے 22 رنز بنائے، اعزاز چیمہ نے2وکٹیں لیں،محمد حفیظ نے 3 اوورز میں 28 رنز کی پٹائی برداشت کی،لاہور لائنز نے سنسنی خیز مقابلے میں ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا، احمد شہزاد59 اور محمد حفیظ 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،محمد یوسف 8 اور عمر اکمل 2 رنز بناسکے۔

نیئر عباس نے3 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ ملتان ٹائیگرز نے اسلام آباد لیپرڈز کیخلاف5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، ناکام سائیڈ نے 4وکٹ پر 135کا مجموعہ ترتیب دیا، بازید خان41 اور عماد وسیم 34 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے، ملتان ٹائیگرز نے ہدف5 وکٹیں گنواکر14اوورز میں حاصل کرلیا،کپتان سعید انور جونیئر نے ناقابل شکست43رنز کی اننگز کھیلی، گلریز صدف نے 39 بنائے، ایبٹ آباد فالکنز نے ٹائی میچ کے بعد سپراوور میں کوئٹہ بیئرز کو شکست دی، فاتح ٹیم نے8 وکٹ پر126 رنز بنائے، یاسر شاہ 26 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

4

دوسرا بڑا مجموعہ21 فاضل رنز کا رہا، جلات خان نے23 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں،کوئٹہ بیئرز کی اننگز بھی 7 وکٹ پر126 رنزتک محدود رہی، نوشاد ارشاد نے31 رنز بنائے، فضل ربی اور یاسر شاہ نے2،2 وکٹیں حاصل کیں سپر اوور میں فالکنز نے میدان مارلیا۔فیصل آباد وولفز نے بہاولپور سٹیگز کو10رنز سے زیر کرتے ہوئے پول بی میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا، فاتح ٹیم نے 7 وکٹ پر 141 رنز بنائے، فرخ شہزاد 31رنز کیساتھ نمایاں رہے، کپتان مصباح الحق 13 رنز بناسکے، کامران حسین اور کاشف صدیق نے2،2 وکٹیں حاصل کیں، بہاولپور سٹیگز 8 وکٹ پر 111 رنز بنائے۔

معین الدین 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، احسان عادل نے 3وکٹیں لیں۔ راولپنڈی ریمز نے پشاور پینتھر ز کو 7 وکٹ سے شکست دی، ناکام ٹیم نے جمال دین کے 32 اور کپتان اکبر بادشاہ کے 29 رنز کی بدولت 7 وکٹ پر141 کا مجموعہ حاصل کیا، حماد اعظم 3 وکٹیں لے اڑے، راولپنڈی ریمز نے ہدف 17.2 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، نوید ملک نے 67 اور اویس ضیا نے 30رنز بنائے، کراچی ڈولفنز نے حیدرآباد ہاکس کو 6 وکٹ سے پچھاڑ دیا، ناکام ٹیم نے4 وکٹ پر 161رنز بنائے،عظیم گھمن نے 71 اور شرجیل خان نے 54رنز اسکور کیے، ڈولفنز نے ہدف 20 ویں اوورکی تیسری گیند پر عبورکیا، خرم منظور60 اور فواد عالم ناقابل شکست 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ریحان ریاض نے3 وکٹیں حاصل کیں۔