موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو 150 کے بجائے ایک ہزار روپے جرمانے کی تجویز

رواں سال ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف ساڑھے5 لاکھ چالان کیے گئے


Staff Reporter September 19, 2016
رواں سال ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف ساڑھے5 لاکھ چالان کیے گئے۔ فوٹو : فائل

ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ نے ایک اور منصوبہ بندی کر لی، موٹرسائیکل پر ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے والوں پر جرمانے کی فیس 150 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے تک کرنے کی تجویز دے دی۔

ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر امیر شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف جرمانہ بڑھانے کی سفارش کی ہے، موٹرسائیکل چلانے والے نے اگر ہیلمٹ نہ پہنا ہو تو اس پر 1000روپے اور اس کے پیچھے بغیر ہیلمٹ کے بیٹھنے والے پر 500 روپے جرمانے کی تجویز دی گئی ہے۔ رواں سال ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف ساڑھے5 لاکھ چالان کیے گئے اور فی چالان صرف 150روپے جرمانے کے باعث یہ جرم نہیں رک سکا جس کے باعث جرمانہ بڑھانے کی تجویز دی ہے ۔

واضح رہے وزیر اعلیٰ سندھ اس سلسلے میں پہلے ہی آگاہی مہم کی ہدایت کرچکے ہیں ، عملی طور پر یہ کوئی پہلا قدم نہیں ہے جو شہر میں ٹریفک کی بہتری کے نام پر کیے گئے ہوں ، بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر گاڑی ضبط کرنا ، سی این جی سلنڈر لگی اور پیلے رنگ والی اسکول کا نام لکھی وین ضبط ، موٹرسائیکل پر ہیلمٹ نہ لگانے والوں کو گرفتار کرنا اور شارع فیصل پر رکشا اور ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی کے اعلانات بھی کیے جاچکے ہیں لیکن نہ نجانے وہ کون سی طاقتیں ہیں جو ٹریفک پولیس کو ان اقدامات پر عملدرآمد سے نہ صرف روک دیتی ہیں بلکہ جنگی بنیادوں پر شروع کی گئی ایسی مہمات بھی ماضی کا حصہ بن جاتی ہیں ۔