اچھا ہے کہ والد آج زندہ نہیں ورنہ وہ لوگوں کی باتوں پر بہت دکھی ہوتے شاہ رخ خان

والد کہا کرتے تھے کہ آپ جتنے خاموش رہتے ہیں اتنا ہی زیادہ دوسروں کی باتیں برداشت کرنےکےقابل ہوجاتے ہیں، شاہ رخ خان


ویب ڈیسک September 21, 2016
اداکاراپنی نئی آنے والی فلم "دی رنگ" کی شوٹنگ کے لیے ایمسٹرڈیم میں ہیں: فوٹو: فائل

MUMBAI: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان جو سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی سے لے کر اپنے فلمی پراجیکٹس کو بھی شئیر کرتے ہیں اور اپنی زندگی کے اچھے اور برے لمحات سے بھی انہیں آگاہ کرتے ہیں تاہم اب اداکار اپنے ایک ٹوئٹ میں خاصے غم زدہ لگ رہے ہیں جہاں انہوں نے لکھا کہ اچھا ہے کہ میرے والد آج زندہ نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربالی ووڈ کنگ شا ہ رخ خان نے اپنے والد کی ایک نصیحت کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ہمیشہ اپنے "فریڈم فائٹر والد" میر تاج محمد کی اس نصیحت پرعمل کرتے ہیں کہ آپ جتنے خاموش رہنے والے ہوجاتے ہیں اتنے ہی زیادہ آپ سننے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ اداکارنے کہا کہ اچھا ہوا کہ آج ان کے والد زندہ نہیں ہیں کیونکہ وہ کچھ لوگوں کی باتیں سن کربہت زیادہ دکھی ہوجا تے۔



اداکارنے اپنے ٹوئٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا اشارہ دراصل کن لوگوں کی جانب ہے یا وہ کون سے لوگ ہیں جو ان کے بارے میں ایسا کہتے ہیں کہ جن سے ان کے والد بھی دکھی ہوجاتے۔

واضح رہے کہ اداکاراپنی نئی آنے والی فلم "دی رنگ" کی شوٹنگ کے لیے ایمسٹرڈیم میں ہیں جب کہ فلم میں ان کے ہمراہ اداکارہ انوشکا شرما بھی مد مقابل نظرآئیں گی۔