انٹر بورڈ ضمنی امتحان میں کامیاب طلبا کو انرولمنٹ جاری کرنے کا اعلان

طلبا کی سہولت کے لیے انرولمنٹ کی تاریخ میں توسیع کی جارہی ہے،پروفیسرانواراحمد زئی.


Staff Reporter December 12, 2012
روزنامہ ایکسپریس نے6دسمبرکو اس حوالے سے خبر شائع کی تھی، طلبا کی سہولت کے لیے انرولمنٹ کی تاریخ میں توسیع کی جارہی ہے،پروفیسرانواراحمد زئی۔ فوٹو: فائل

میٹرک کے ضمنی امتحانات میں کامیاب امیدواروں کوکالجوں میں داخلے دینے کے حوالے سے سندھ کے تعلیمی انتظامی ادارے حرکت میں آگئے ہیں۔

''ایکسپریس''کی خبر کا نوٹس اورڈائریکٹرجنرل کالجزکے ایک خط کی روشنی میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک ضمنی امتحانات میں کامیاب طلبا کوداخلے دینے کی صورت میں انرولمنٹ جاری کرنے کااعلان کردیا، انٹربورڈکے چیئرمین پروفیسرانواراحمد زئی نے کہاہے کہ ان طلبا کا سال ضائع ہونے سے بچانے کے لیے انرولمنٹ کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جارہی ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹرجنرل کالجز سندھ پروفیسرڈاکٹرناصرانصارنے کہاہے کہ ان طلبہ کوصرف ان متعلقہ کالجوں میں داخلے دیے جائیں گے جہاں مرکزی داخلہ کمیٹی کے تحت داخلے ''اوپن'' کرتے ہوئے سالانہ امتحانات میں فیل طلبہ کوبھی ''پروویژنل''داخلے دیے گئے تھے، ان داخلوں سے مرکزی داخلہ پالیسی کامیرٹ متاثرنہیں ہوگا۔

06

واضح رہے کہ روزنامہ ''ایکسپریس''نے اپنی 6دسمبرکی اشاعت میں ''اداروں میں رابطے کے فقدان'' میٹرک پاس ہزاروں امیدوارداخلوں سے محروم''کی خبرشائع کی تھی خبرکی اشاعت کے بعد ڈائریکٹرجنرل کالجز پروفیسرڈاکٹرناصرانصارنے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین کوجاری کردہ خط میں متعلقہ طلبا کیلیے انرولمنٹ کی مدت میں توسیع کی سفارش کی تھی جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسرانواراحمد زئی نے اس خبر کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ طلبا کوانرولمنٹ جاری کرنے کی تاریخ میں توسیع کردی۔

07

انٹربورڈ کے اعلامیے کے مطابق جن طلبا نے میٹرک کا ضمنی امتحان پاس کرنے کے بعد ایسے کالجوں میں داخلہ لے لیا ہے جہاں مرکزی داخلہ پالیسی کی کمیٹی نے انھیں داخلہ دینا منظور کرلیا ہے تو وہ متعلقہ کالجوں میں داخلہ حاصل کرنے کے بعد انرولمنٹ فارم جمع کراسکتے ہیں تاہم یہ فارم داخلہ حاصل کرنے کے دو دن کے اندر جمع کرانا ضروری ہوں گے۔

اسی طرح متعلقہ کالجوں کے سربراہوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ تاخیر سے داخلہ لینے والے ان طلباکی75فیصد حاضری کو یقینی بنائیں اور صرف ایسے امیدواروں کے امتحانی فارم بورڈ کو ارسال کریں جن کی کم از کم حاضری کا ریکارڈ 75 فیصد موجود ہو، اعلامیے کے مطابق طلبا کو یہ رعایت ڈائریکٹر جنرل کالجز کی جانب سے رسمی درخواست پر کی گئی ہے۔