گوچ نے کک کو ٹنڈولکر اور پونٹنگ کے ہم پلہ قرار دیدیا

اوپنر دونوں عظیم بیٹسمینوں کے برابر رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سابق قائد


Sports Desk December 12, 2012
ایلسٹرکک اب تک اپنی بیٹنگ کے عروج پر نہیں پہنچے اورکھیل کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں، گراہم گوچ فوٹو : اے ایف پی / فائل

KARACHI: سابق انگلش کپتان گراہم گوچ نے الیسٹر کک کو سچن ٹنڈولکر اور رکی پونٹنگ کے ہم پلہ قرار دے دیا۔

ان کے مطابق وہ دونوں عظیم بیٹسمینوں کے جتنے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایلسٹر کک انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ قائم کر چکے، انھوں نے بھارت کیخلاف کولکتہ ٹیسٹ میں 23 ویں تھری فیگر اننگز سجائی،39 سالہ سچن ٹنڈولکر 51 سنچریوں کے ساتھ عالمی ریکارڈ کے مالک ہیں، وہ ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر سنچریوں کی سنچری مکمل کر چکے ہیں۔

گراہم گوچ نے کہا کہ کسی بیٹسمین کی عمر میں27 سے 35 سال کی عمر انتہائی اہم ہوتی ہے،27 سالہ ایلسٹرکک اب تک اپنی بیٹنگ کے عروج پر نہیں پہنچے اورکھیل کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں، وہ بھارت میں انتہائی عمدہ بیٹنگ کر رہے اور ممبئی وکولکتہ میں سنچریاں داغ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر چکے ہیں۔

1

کک 7103 رنز بنا کر انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میںتیسرے نمبر پر ہیں،گوچ فہرست میں سب سے اوپر ہیں، انھوں نے کہا کہ کک کے سچن ٹنڈولکر کے جیسے بیٹسمینوں میں شامل ہونے کے لیے کئی عوامل اہم کردار ادا کریں گے،اگر انھوں نے اپنی فٹنس کو برقرار اور کھیل جاری رکھنے کی خواہش کو زندہ رکھا تو پھر وہ بھی اسی بلندی پر پہنچ سکتے ہیں جہاں رکی پونٹنگ نے کرکٹ کو خیرباد کہا۔گراہم گوچ نے الیسٹر کک کی بطور بیٹسمین تربیت میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ اوپنر نے موجودہ پوزیشن تک پہنچنے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے اگر ناگپور ٹیسٹ میں فتح حاصل کی یا اسے ڈرا کر لیا تو28برسوں میں یہ کسی انگلش ٹیم کی بھارتی سرزمین پر پہلی سیریز کامیابی ہو گی۔